کینالز کے معاملے کو وفاق اتنی سنجیدگی سے نہیں لے رہا جتنا اس کو لینا چاہیئے، شرمیلا فاروقی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, April 2025 GMT
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی پی کی سینئر رہنما نے کہا کہ بلاول نے واضح کہا ہے کہ نہروں سے پیچھے ہٹیں یا پھر حکومت کی حمایت چھوڑدیں گے، حکومت کی جانب سے سی سی آئی اجلاس کی تاریخ کیوں نہیں دی جارہی، ساری یقین دہانی اور باتیں سن سن کر ہم تھک چکے ہیں، نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی سنجیدہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ کینالز کے معاملے کو وفاق اتنی سنجیدگی سے نہیں لے رہا جتنا اس کو لینا چاہیئے، اب یہ کہنا کہ وفاق میں بیٹھے لوگ سن رہے ہیں وہ نہیں سن رہے، رانا ثناء اللہ کے رابطوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے، رانا ثناء اللہ کے بس کی بات نہیں یہ اوپر کی بات ہے، یہ کیا طریقہ ہے کہ آباد زمینوں کو بنجر کرکے بنجر زمین کو آباد کریں گے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر یقین دہانیاں ہمیں پہلے بھی کرائی گئی ہیں، کوئی منصوبہ متنازع بن جاتا ہے تو اس کو سی سی آئی میں لے جائیں، سی سی آئی آئینی فورم ہے اور وہاں نہروں پر بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ سراپا احتجاج ہے، پانی کی ویسے ہی قلت ہے، رابطے اور باتیں بھی ہوتی رہیں لیکن ان سے آگے بھی بڑھنا چاہیئے، اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی نہیں لیا جائے گا۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بلاول نے واضح کہا ہے کہ نہروں سے پیچھے ہٹیں یا پھر حکومت کی حمایت چھوڑدیں گے، حکومت کی جانب سے سی سی آئی اجلاس کی تاریخ کیوں نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ ساری یقین دہانی اور باتیں سن سن کر ہم تھک چکے ہیں، نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی سنجیدہ ہے۔ پی پی کی سینئر رہنما نے کہا کہ حکومت منصوبہ واپس نہیں لیگی تو سینیٹ میں شرکت نہیں کریں گے، نہروں کیخلاف سندھ حکومت نے سی سی آئی میں سمری بھیجی تھی، عوام کا مقدمہ صرف پیپلز پارٹی لڑتی ہے اور کوئی جماعت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نہروں کیخلاف قرارداد دی تو پی ٹی آئی نے واک آؤٹ کیا، رانا ثناء اللہ کے رابطوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے، رانا ثناء اللہ کے بس کی بات نہیں یہ اوپرکی بات ہے۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ہمیں نہروں کے معاملے پر بالکل واضح جواب چاہیئے، سی سی آئی آئینی فورم ہے جہاں وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم بیٹھتے ہیں، نہروں کا معاملہ چائے پر بیٹھ کر حل نہیں کیا جاسکتا، سی سی آئی میں تکنیکی باتیں ہوتی ہیں اور وہاں مسئلہ حل ہوتا ہے، ماہرین کے مطابق حکومت 5 سے 6 کلومیٹر تک نہر بنا چکی ہے، ایکنک سے منصوبہ منظور نہیں ہوا پھر بھی نہروں پر کام شروع کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک آفیشل چینل ہوتا ہے خطوط کا وہ لکھا اس کے بعد ہم ریزولوشن لے کر آئے، قومی اسمبلی میں اس کے اوپر ڈبیٹ ہوئی، پرائم منسٹر صاحب سے ملاقات ہوئی ہے، تمام چیزیں ہوئی ہیں صرف باتیں کی جا رہی ہیں دلاسے دیے جا رہے ہیں، اس پر کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: شرمیلا فاروقی نے کہا نہروں کے معاملے پر رانا ثناء اللہ کے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی کی بات
پڑھیں:
نہروں کے مسئلے پر بات ہمارے ہاتھ سے نکلی تو ہر قسم کی کال دیں گے ،وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعظم کو نتائج کا معلوم ہے ،معاملات درست نہیں چل رہے، وہ انصاف سے کام لیں، دریائے سندھ میں پانی موجود نہیں، اب تک وفاقی حکومت نے کینالز کا منصوبہ واپس نہیں لیا
سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں کہ نہروں کے معاملے پر احتجاج ضرور کریں، لیکن سڑکیں بند نہ کی جائیں، تاکہ ہمارے اپنے ہی لوگوں کو تکلیف نہ ہو، مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نہروں کیخلاف احتجاج کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو نتائج کا معلوم ہے ، وہ انصاف سے کام لیں، نہروں کے مسئلے پر بات ہمارے ہاتھ سے نکلی تو ہر قسم کی کال دیں گے ، وفاقی حکومت کو معلوم ہے معاملات درست نہیں چل رہے ۔کراچی میں کارڈینل ہاؤس جاکر کارڈینل کے ساتھ پوپ جان فرانسس کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جولائی کے بعد چولستان کینالز پر کوئی کام نہیں ہوا، سندھ حکومت نے اہم اقدامات کیے ، پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وکلا کا بہت احترام ہے ، ان کا جمہوریت کی بحالی کے لیے اہم کردار رہا ہے ، سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں کہ نہروں کے معاملے پر احتجاج ضرور کریں، لیکن سڑکیں بند نہ کی جائیں، تاکہ ہمارے اپنے ہی لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم احتجاج سے تنگ نہیں، لیکن سب خود سوچیں کہ کیا مناسب ہے کہ ہم اپنے ہی لوگوں کو پریشان کریں، ہم چاہتے ہیں کہ کینالز کے ایشو پر ہم سب متحد رہیں، احتجاج سڑک کے ایک سائیڈ پر کھڑے ہوکر بھی ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے ، ہم نے کینالز کیخلاف احتجاج پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نہروں کی تعمیر کے معاملے پر سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا، اس کے بعد قوم پرست اور دیگر سیاسی جماعتیں میدان میں اتریں، ہم نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت میں جدت کو اپنانا ہوگا، پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کرکے کپاس، گندم سمیت دیگر اہم فصلوں کی کاشت بہتر بنانا ہوگی، دیگر ممالک نے اپنی فصلوں کی کاشت بڑھائی ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پڑوسی ملکوں نے زیر کاشت زمین کا رقبہ نہیں بڑھایا بلکہ جدید ذرائع، خصوصی بیج اور پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کرکے فصلوں کی پیداوار بڑھائی، ہمیں بھی اس جانب توجہ دینا ہوگی، آئیں مل کر اس مقصد کے لیے کام کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزید علاقوں کو کاشت کرنے کے لیے پانی کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی، اس وقت دریائے سندھ میں پانی موجود نہیں، اب تک وفاقی حکومت نے کینالز کا منصوبہ واپس نہیں لیا، ان شا اللہ جلد وہ اس منصوبے کو واپس بھی لے لیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے تعلیمی بورڈ کے سربراہ کے لیے میرٹ پر اعلیٰ پوسٹ سے ریٹائرڈ افسر کو منتخب کیا، لیکن بدقسمتی سے اس افسر نے عہدے کا چارج نہیں لیا۔