اکلوتا بیٹا ایک کروڑ روپے لیکر رفوچکر یا اغوا؛ سعودیہ سے آئے والد نے مقدمہ درج کرادیا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, April 2025 GMT
راولپنڈی:
سعودیہ سے آنے والے شخص کا اکلوتا بیٹا، والد سے ایک کروڑ روپے لے کررفو چکر ہوگیا یا پھر اغوا، معاملہ الجھ گیا، پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں انوکھی واردات سامنے آئی ہے، جس میں بھاری رقم کے لیے ایک شخص کو اغوا کرلیا گیا ہے یا پھر بیٹا ہی ایک کروڑ روپے لے کر اپنے والد کو دھوکا دے کر فرار ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق 45 سال سے سعودی عرب میں روزگار کے لیے مقیم شخص کے اکلوتا بیٹے نے اپنے والد سے ایک کروڑ روپے منگوائے اور اس کے بعد سے پراسرار طور پر غائب ہے۔ والد چھٹی پر پاکستان آیا توبیٹا رقم سمیت غائب پایا، جس پر پولیس میں مقدمہ درج کروایا گیا۔
پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
والد جاوید اقبال کے مطابق میرا ایک ہی بیٹا عبداللہ خان سلفی ہے، میں خود تقریباً 45 سال سے سعودی عرب میں ملازمت کر رہا ہوں۔ 4 فروری 2025ء کو 5 سال بعد چھٹی پر پاکستان پہنچا۔ میرے آنے سے تقریباً 4، 5 دن قبل میرا بیٹا عبداللہ خان سلفی میرے پاکستان آنے کی خبر ملنے کے بعد گھر سے غائب ہوگیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق والد نے بتایا کہ میرے سعودی عرب (جدہ) میں ملازمت کے دوران بیٹے نے بتایا کہ وہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہا ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹر یلیا جانا چاہتا ہے۔ اس کے لیے تقریباً ایک کروڑ روپے پاکستانی خرچہ آئے گا۔
والد نے بتایا کہ چونکہ میرا ایک ہی بیٹا ہے اور میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ میرا حقیقی بیٹا میرے ساتھ دھو کا و غلط بیانی کر رہا ہے۔ میں نے اپنی زندگی کی جمع پونچی اور کچھ قرض لے کر اپنے بیٹے کو آسٹریلیا جانے کی غرض سے ایک کروڑ روپے پاکستان بھیجے۔
پولیس کو والد نے مزید بتایا کہ جب میں نے اسے بتایا کہ میں پاکستان آرہا ہوں تو وہ میرے آنے سے قبل ہی گھر سے تمام رقم کے ہمراہ غائب ہے۔ بیٹے کو اپنے طور پر تلاش کرتا رہا لیکن آج تک مجھے میرا بیٹا نہیں ملا۔ اس نے پیسے کس کو دینے تھے ، کہاں دیے، مجھے کچھ علم نہیں ہے۔ زندہ ہے یا کسی نے اغوا کیا ہوا ہے میرے علم میں نہیں ۔
پولیس کے مطابق اغوا کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور نوجوان کے ملنے پر ہی صورت حال واضح ہو سکے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایک کروڑ روپے کے مطابق بتایا کہ والد نے کے لیے
پڑھیں:
بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ہدایتکار کون ہیں؟
بھارتی فلم انڈسٹری میں ایسے کم ہی سپر اسٹارز ہیں جو فلموں میں کام کرنے کے 200 کروڑ روپے تک معاوضہ لیتے ہیں تاہم ایک ایسے ہدایتکار بھی ہیں جن کا معاوضہ اس سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔
یہ ہدایت کار بالی ووڈ کے کرن جوہر، راج کمار ہیرانی یا روہٹ شیٹھی نہیں بلکہ تیلگو فلم انڈسٹری کے عالمی شہرت یافتہ ہدایت کار ایس ایس راجامولی ہیں۔
راجا مولی ہر فلم کے 200 کروڑ روپے سے زیادہ معاوضہ لیتے ہیں جس میں ان کی ایڈوانس فیس فلم کے منافع میں شراکت اور رائٹس کی فروخت پر بونس بھی شامل ہے جس کی وجہ سے اس میں اضافہ ہی ہوتا رہتا ہے۔
راجا مولی کے کریڈٹ پر ’’آر آر آر‘‘ اور ’’باہو بلی‘‘ جیسی سپر ہٹ فلم ہیں جنھوں نے بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔
’’باہوبلی 2‘‘ نے صرف ہندی زبان میں 510 کروڑ روپے کمائے تھے اور کئی سال تک یہ فلم سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم رہی۔
اسی طرح ’’آر آر آر‘‘ نے بھی صرف ہندی زبان میں 270 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
ان دونوں فلموں کا ساؤتھ انڈین کی دیگر زبانوں میں بزنس اس کے علاوہ ہے جس کے باعث راجا مولی کافی کما کر دینے والے ڈائریکٹر ہیں۔