کسان اور کاشتکار کا گلا دبا دیا گیا ہے: صدر پاکستان کسان اتحاد
اشاعت کی تاریخ: 23rd, April 2025 GMT
صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر---فائل فوٹو
صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ کسان اور کاشتکار کا گلا دبا دیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو احساس ہی نہیں کہ کاشتکار ملک سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ کاشتکار بچوں کی تعلیمی ضروریات کیسے پوری کریں، کیا کاشتکار پاکستان کے شہری نہیں؟
صدر پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ 15 ارب روپے کا اعلان کر کے کسانوں کا مذاق اڑایا گیا ہے، اس طرح رہا تو اگلے سال گندم کاشت نہیں کریں گے۔
صدر پاکستان کسان اتحاد نے کہا کہ اگلے سال ہم احتجاجاً کم گندم کاشت کریں گے، ہمیں پنجاب حکومت کا پیکج نہیں چاہیے، مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پیکج نہیں چاہیے، آپ نے زراعت کو برباد کردیا، سیاسی جماعتیں گندم پر سیاست نہ کریں۔
خالد محمود کھوکھر نے مزید کہا کہ اسمبلیوں میں ہر رکن اپنی اپنی جماعت اور لیڈر کی بات کرتا ہے، کوئی ہے جو اسمبلیوں میں پاکستان کی بات کرے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پنجاب حکومت نے زیادہ گندم اگانے والے کاشتکاروں کیلئے انعام کا اعلان کردیا
پنجاب حکومت نے زیادہ گندم اگانے والے کاشتکاروں کیلئے انعام کا اعلان کردیا، گندم اگاؤ مہم میں کاشتکاروں کو 10 کروڑ 40 لاکھ روپے بطور انعام ملیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے اگر گندم نہیں خریدی تو کسانوں کو لاوارث بھی نہیں چھوڑا، گندم کے کاشتکار کو 5 ہزار فی ایکڑ رقم دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سب سے زیادہ گندم اگانے والے کاشتکار کو 45 لاکھ روپے کا 85 ہارس پاور کا ٹریکٹر مفت ملے گا، دوسرے نمبر پر آنے والے کاشتکار کو 40 لاکھ روپے کا 75 ہارس پاور اور تیسرے نمبر پر گندم اگانے والے کاشتکار کو 35 لاکھ روپے کا 60 ہارس پاور کا ٹریکٹر ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پر بھی گندم زیادہ اگانے والے کاشتکاروں کونقد انعام دیے جائیں گے، ضلع میں پہلے نمبر پر آنے والے کاشتکار کو 10لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر آنے والے کاشتکار کو 8لاکھ روپے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے کاشتکار کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کیلئے سوا ارب روپے کا پروگرام شروع کیا گیا، بلاول بھٹو نے کسانوں کے احتجاج پر تڑکا لگایا۔