پانی معاملہ صرف سندھ نہیں پنجاب کا بھی مسئلہ ہے، نیئر بخاری
اشاعت کی تاریخ: 22nd, April 2025 GMT
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین (پی پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پانی کا معاملہ صرف سندھ نہیں پنجاب کا بھی مسئلہ ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے 6 نہروں کے معاملے کو درست طور پر پیش نہیں کیا ہے۔ وفاقی حکومت ابھی تک وضاحت نہیں دےسکی نہریں کہاں سےنکالیں گے، حکومت بتائے 6 کینالز کہاں سے نکالیں گے اور پانی کہاں سے دیں گے؟
پی پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ پانی کا معاملہ صرف سندھ نہیں پنجاب کابھی مسئلہ ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے1991ء کے معاہدے پر من و عن عمل ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا واضح مؤقف ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کو جوابدہ ہے، پی پی پی کے اعتراضات کوئی سیاسی دباؤ نہیں بلکہ حقائق پر مبنی ہیں۔
نیئر بخاری نے یہ بھی کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بھی معترض ہیں، سوال تو یہ ہے کہ آئین میں موجود میکنزم پر کیوں عمل نہیں کیا جارہا؟
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد طلب کیا جائے، جس میں پانی، بجلی، معدنیات کے معاملات زیر بحث لائے جائیں۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی ٹی آئی والے ملاقاتیوں کی فہرست بدل کر ملبہ حکومت پر ڈال دیتے ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنے اندرونی اختلافات کا ملبہ حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر کسی کو کوئی پابندی نہیں لگائی۔ پی ٹی آئی والے خود ہی ملاقات کرنے والوں کی فہرستیں تبدیل کرتے ہیں اور بعد میں ملبہ پنجاب حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو سہولت دیتے ہوئے ہفتے میں دو دن منگل اور جمعرات ملاقاتوں کی اجازت دی۔ ہمیں علیمہ خان یا کسی اور سے مسئلہ نہیں، مسئلہ خود پی ٹی آئی کے اپنے لوگوں کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ہر ہفتے فرمائشی گرفتاریاں اور فوٹو سیشن جیل کے باہر منعقد کرتے ہیں تاکہ عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جا سکیں۔ ان کے لوگ خود ہی پولیس وین میں بیٹھتے ہیں اور خود ہی اگلے چوک پر اتر جاتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب آئین و قانون کے مطابق کام کر رہی ہے، اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ سنجیدہ سیاست کرے نہ کہ ڈرامے بازی سے عوام کو گمراہ کرے۔