کراچی: رکشہ مالکان کے احتجاج کے باعث پریس کلب و اطراف میں ٹریفک جام
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
کراچی:
رکشہ ایسوسی ایشن نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر رکشوں کی پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
احتجاج میں رکشہ مالکان کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے پریس کلب سے گزرنے والی سڑک پر رکشے کھڑے کرکے بند کر دی۔
احتجاج کے باعث پریس کلب اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رکشہ مالکان کا کہنا ہے کہ ان کی روزانہ کی روزی روٹی رکشوں پر پابندی کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے اور وہ اس پابندی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ ان کا کاروبار دوبارہ معمول پر آئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پریس کلب
پڑھیں:
کراچی، مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی:شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق یہ حادثات مختلف مقامات پر پیش آئے ہیں۔
پہلا حادثہ شاہ فیصل کالونی میں داتا ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ اطہر علی کے نام سے کی گئی ہے۔
دوسرا حادثہ کورنگی ناصر جمپ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک دیگر زخمی ہوا۔
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے کی شناخت 17 سالہ فہد کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی کی شناخت 20 سالہ رؤف کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بھائی ہیں اور انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تیسرا حادثہ گلشن اقبال بلاک 6 کے نیپا ہائیڈرنٹ کے قریب ہوا، جہاں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے کی شناخت کریم اللہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔