مسیحی برادری آج ایسٹر منائے گی، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اشاعت کی تاریخ: 20th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی۔
دن کی مناسبت سے گر جا گھروں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی، ملک بھر کے گر جا گھروں کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا جس کے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات رہیں گے۔
گرجا گھروں کی طرف آنے والے راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے جبکہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اطراف میں پٹرولنگ کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایسٹر تجدید اور اُمید کی علامت ہے: وزیرَ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایسٹر کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر تجدید اور اُمید کی علامت ہے۔
ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات کی یاد دلاتا ہے، یہ موقع ہمیں ایثار، درگزر اور امن جیسی آفاقی اقدار پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، مسیحی برادری کی محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لیے قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ یقین ہے مسیحی برادری پُرامن، خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج دنیا مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا کر رہی ہے، ایسٹر ہمیں یاد دلاتا ہے رواداری، انسانی وقار کا احترام اور پائیدار امن کا قیام ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔