سمجھ نہیں آیا پیپلز پارٹی کینال کیخلاف کھڑی ہے یا ساتھ، مفتاح اسماعیل
اشاعت کی تاریخ: 19th, April 2025 GMT
حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے ریلی سے خطاب میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری پارٹی چھوٹی ہے مگر جہاں کھڑے ہیں سب کو معلوم ہے، جب تک تمام پاکستانی سیاسی جماعتیں اجازت نہیں دیتی کینال نہیں بننے چاہئیں۔ اسلام ٹائمز۔ عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی صوبوں سے نہیں اشرافیہ کے خلاف ہے۔ حیدرآباد میں پریس کلب کے سامنے ریلی سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے آج تک سمجھ نہیں آیا کہ پیپلز پارٹی کینال کے خلاف کھڑی ہے یا ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ پتا چلے کہ پیپلز پارٹی کا موقف کیا ہے، سندھ کے عوام کو ہی آج تک نہیں پتا کہ پی پی کہاں کھڑی ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی چھوٹی ہے مگر جہاں کھڑے ہیں سب کو معلوم ہے، جب تک تمام پاکستانی سیاسی جماعتیں اجازت نہیں دیتی کینال نہیں بننے چاہئیں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ چولستان کا فیصلہ سی سی آئی کرے، 2018ء میں ایک واٹر پالیسی بنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ 10 ملین ایکڑ فٹ پانی کوٹری بیراج پر چھوڑیں گے، جون تک سندھ میں پانی کی بہت قلت ہوتی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مفتاح اسماعیل نے کہا کہ
پڑھیں:
نہروں کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا، منصوبہ واپس نہ لیا تو حکومت کیساتھ نہیں چلیں گے: بلاول
حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کینالز منصوبے کو واپس لے ورنہ پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ نہیں چلے گی۔ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت مبارک ہو، پاکستان کے عوام آج بھی شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سندھ کے عوام نے ثابت کردیا کہ سندھ میں صرف تیر کا مینڈیٹ ہے، 17 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی ایک طرف تھی پھر بھی فتح ہمیں ملی۔ انہوں نے کہا حیرت تو اس بات پر ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف اور ن لیگ ایک پیج پر تھے مگر عوام نے انہیں تاریخی شکست دی اور وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، سندھ کے عوام نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا 6 میں سے دو کینالز کی منظوری قیدی نمبر 420 نے دی تھی، اس وقت بھی پیپلزپارٹی نے مزاحمت کی تھی۔ ہم عوام کی طاقت سے انکے خلاف عدم اعتماد لے کر آئے اور دو کینال کی اجازت دینے والے کوگھر بھیج دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا اگر حکومت یہ متنازعہ منصوبہ روک دے تو میں اسکے ساتھ بیٹھ کر زرعی ترقی کیلئے اگلے 50سال کے منصوبے بنانے کیلئے تیار ہوں۔چیئرمین پی پی نے کہا پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، انہوں نے کہا دہشت گرد تنظیمیں بلوچستان اور خیبر پی کے میں حملے کر رہی ہیں عین اسی وقت ایسا موضوع چھیڑ دیا گیا جس سے بھائی کے بھائی سے لڑنے کا خطرہ ہے‘ سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمارے پیاسے مرجانے کا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، گندم سکینڈل کی وجہ سے کسانوں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا شیر والے صرف عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں گا‘ میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہم نے شہباز شریف کو ایک بار نہیں دو بار وزیراعظم بنوایا اور کیا اب دھمکی سے پیپلز پارٹی کو ڈرایا جائے گا؟ یہ سمجھتے ہیں دھمکیوں سے ہمیں ڈرائیں گے، ہم تو ہر مشکل سہہ کر بھی پیچھے نہیں ہٹتے‘ ہم اصولوں پر سودا نہیں کریں گے۔ آپ آپنا متنازعہ کینالز منصوبہ چھوڑ دیں، میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا‘ ہم اپنا وفاق‘ اپنا کسان اور اپنا سندھ بچائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہباز حکومت کا ساتھ چھوڑنے کی دھمکی دیدی اور کہا کہ وفاق کینالز منصوبے کو واپس لے ورنہ پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا 25اپریل کو سکھر میں پیپلزپارٹی کا تاریخی جلسہ اور احتجاج ہوگا۔