شہدا اور غازی ہمارا فخر، آزادی اور امن، بہادر سپوتوں کی قربانی کا نتیجہ: آرمی چیف
اشاعت کی تاریخ: 18th, April 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں جب کہ آزادی اور امن ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانی کا نتیجہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مختلف آپریشنز کے دوران جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے میڈلز تقسیم کیے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران قوم کے لیے جرات و بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے افسروں اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں سینیئر فوجی حکام اور اعزاز حاصل کرنے والے جوانوں اور افسروں کے خاندانوں نے شرکت کی۔ افسروں اور جوانوں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہداء کے میڈلز ان کے اہلخانہ نے وصول کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جرات اور بہادری کے پیکر، شہداء کے اہلخانہ کی ثابت قدمی اور عزم بھی قابل تحسین ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کے دوران دہشتگردی کے خطرات اور کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت، کوششیں اور غیرمتزلزل عزم قابل تعریف ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ملت کے مخلص و بہادر رہنماء ہیں، علامہ علی حسنین
اپنے بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے ایم ڈبلیو ایم کے سہ روزہ کنونشن اور پارٹی الیکشنز سے متعلق کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے جمہوریت کی بہترین مثال پیش کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو دوبارہ ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری قوم کے مخلص اور بہادر رہنماء ہیں۔ پوری جماعت کو ان کی صلاحیت اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کی قیادت میں پورے پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین ایک منظم اور مضبوط جماعت بن چکی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سہ روزہ کنونشن اور پارٹی الیکشنز سے متعلق کہا کہ ہماری جماعت نے جمہوریت کی بہترین مثال پیش کی ہے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے انٹرا پارٹی انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے شوریٰ عالی کے نومنتخب اراکین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں۔ پارٹی کی کارکردگی کو آئیندہ سالوں میں مزید بہتر بنائیں گے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ہمیشہ پوری قوم کے حقوق کی بات کی ہے۔ انہوں نے پاراچنار سے لیکر کوئٹہ کے مظلومین، اور کراچی سے لیکر کشمیر تک ہر مسئلے پر پوری قوم کو اکھٹا کیا۔ بلوچستان اور پاراچنار میں جاری مظالم پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور ہر ظلم کے خلاف آواز اٹھائی۔ ہمیں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، اور یقین ہے کہ وہ مظلوموں کے حقوق کیلئے جدوجہد ہمیشہ جاری رکھیں گے۔