مائنز اینڈ منرلز بل؛ وفاق اور SIFC سے ڈکٹیشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ترجمان کے پی حکومت
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
پشاور:
ترجمان پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل پر وفاقی حکومت اور SIFCسے ڈکٹیشن لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ڈاکٹر سیف نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے کسی کاغذ پر دستخط نہیں کیے۔ اس حوالے سے وفاق کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اپنے بیان کا ثبوت دیں، وگرنہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے استعمال اور صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس قانون کے بنانے میں SIFC یا وفاقی حکومت سے ڈکٹیشن لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ترجمان صوبائی حکومت نے مزید کہا کہ یہ خیبر پختونخوا کی ترقی اور ملکیتی معدنی ذخائر کے تحفظ اور ترقی کا قانون ہے۔ اس کے بنانے میں کسی بیرونی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا گیا۔ اگر دیگر صوبوں نے وفاق کی ہدایات پر قانون سازی کی ہے تو وہ ان کا اختیار ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے آزاد حیثیت میں صوبے کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر قانون سازی کی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مائنز اینڈ منرلز بل خیبر پختونخوا
پڑھیں:
مائنز اینڈ منرلز بل مسترد: جے یو آئی کا نئے الیکشن کے مطالبے کا اعادہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس کے فیصلے جاری کئے گئے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق جے یو آئی نے اپنے پلیٹ فارم سے جد و جہد جاری رکھنے، کسی سیاسی اتحاد میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ جد و جہد کی حکمت عملی مرکزی شوریط یا مرکزی مجلس عاملہ طے کرے گی۔ دھاندلی کے نتیجے میں قائم حکومتیں عوام کے مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہیں۔ جے یو آئی نے از سر نو صاف اور شفاف انتخابات کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ اجلاس ملک میں امن و امان کی بدترین صورتحال کی شدید مذمت کرتا ہے، جے یو آئی فلسطینیوں کی جد و جہد آزادی کی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔ گیارہ مئی کو پشاور، 15 مئی کو کوئٹہ میں شہداء غزہ ملین مارچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس قوم سے اہل غزہ کیلئے مالی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ جے یو آئی کی مرکزی مجلس عمومی نے مائنز اینڈ منرلز بل کو مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ بلوچستان میں بل کو ووٹ دینے والے ارکان سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ شوکاز نوٹس دیا جائے گا، صوبوں کو درپیش مسائل پر مرکزی مجلس عاملہ اور شوریٰ کی حکمت عملی طے کرے گی۔