برطانیہ کیساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں: محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 17th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ کے وزیر برائے فیتھ اینڈ کمیونیٹیز لارڈ واجد خان نے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، انسداد دہشتگردی، سکیورٹی اور کراس بارڈر جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
برطانوی وزیر لارڈ واجد خان نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں اقوام عالم کیلئے مثال ہیں، پوری دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جس کے ہر طبقے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، اقوام عالم اس جنگ میں بلا تاخیر پاکستان کا ساتھ دے اور اس ضمن میں برطانیہ کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
لارڈ واجد خان نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک واپسی کا سلسلہ احسن طریقے سے جاری ہے، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو عزت کے ساتھ واپس ان کے وطن بھجوایا جا رہا ہے، قانونی دستاویزات کے حامل غیر ملکی شہری کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔
اس موقع پر وزیر مملکت طلال چودھری کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کے عمل میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: وزیر داخلہ محسن نقوی
پڑھیں:
اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل امن مشنز تعاون پر پاکستان کے مشکور
NEWYORK:اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا نے پاکستان کے بھر پور تعاون پر وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ (یو این) پولیس جس کی قیادت پاکستانی پولیس افسر فیصل شاہکار کر رہے ہیں کے حوالے سے بھی تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ امن مشنز میں اہم پولیسنگ سرگرمیوں کے دوران خطرات سے نمٹنے کے لیے درکار جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔