کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی پر 15 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) نے شہر کی مرکزی سڑکوں پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر 15,000 روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
جرمانے سٹی وارڈنز کے ذریعے نافذ کیے جائیں گے۔یہ فیصلہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کراچی ٹاسک فورس کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے قرارداد آئندہ کونسل اجلاس میں پیش کی جائے گی تاکہ اس پر باضابطہ عمل درآمد کیا جا سکے۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی بہتری اور حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور شہر میں محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں رواں سال کے 110 روز میں مجموعی ٹریفک حادثات میں 289 شہری جاں بحق
کراچی:شہر قائد میں رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 289 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی 4 نمبر میں ٹریفک حادثے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ عماد کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ پیر کی شب 8 بجے کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔
حکام کے مطابق شہر قائد میں رواں سال 2025 کے دوران مختلف علاقوں میں اب تک جان لیوا ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 289 افراد جاں بحق ہوگئے جس میں 224 مرد، 27 خواتین، 30 بچے اور 8 بچیاں شامل ہیں۔
ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 3872 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 3129 مرد، 545 خواتین ، 151 بچے اور 47 بچیاں شامل ہیںْ
چھیپا فاؤنڈیشن کے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں 110 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جان لیوا حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 92 ہوگئی۔ جس میں ٹریلر کی ٹکر سے 37 ، ڈمپر کی ٹکر سے 18 ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 22 ، بس کی ٹکر سے 10 اور مزدا کی ٹکر سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔