وزیراعلیٰ سندھ کی دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اجلاس میں مراد علی شاہ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ترجیحی منصوبہ ہے، جو 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور ایک لاکھ براہ راست و بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر تیزی اور پیشرفت رپورٹ بروقت پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے کراچی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جہاں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور منصوبے کے تمام اہم پہلوؤں پر باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹس فراہم کی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں تعمیراتی کام تقریباً 12 فیصد مکمل ہو چکا ہے، بجلی، 10 ایم جی ڈی واٹر پائپ لائن کی تنصیب اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نشاندہی کی کہ عالمی معیشتوں، خاص طور پر امریکا اور چین کے درمیان جاری ٹیرف کشیدگی کے بعد کئی چینی صنعتکار اپنی صنعتوں کو کم لاگت والے علاقوں میں منتقل یا وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ترجیحی منصوبہ ہے، جو 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا اور ایک لاکھ براہ راست و بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، اس کے علاوہ اس علاقے میں سماجی اور اقتصادی حالات بھی بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، تاکہ غیر ملکی صنعتوں، خاص طور پر ان چینی کمپنیوں کو متوجہ کیا جا سکے، جو مستحکم اور کاروبار دوست ماحول کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کرے گا
پڑھیں:
حکومت سندھ یونیسف کیساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعلیٰ سندھ
یونیسف کے 79ویں یوم تاسیس پر جاری کیے گئے پیغام میں مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی صحت، تعلیم اور غذائی قلت کے خاتمے کے لیے یونیسف بڑا پارٹنر ہے، یونیسف کے ساتھ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ یونیسف کیساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ مراد علی شاہ نے یونیسف کے 79ویں یوم تاسیس پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ یونیسف دنیا بھر میں بچوں کے حقوق، صحت، تعلیم اور تحفظ کے لیے کوشاں ہے، یونیسف ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر بچہ دنیا کا قیمتی ترین سرمایہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان 1947ء میں قیام کے فوری بعد یونیسف کا رکن بنا، حکومت سندھ کئی شعبوں میں یونیسف کے ساتھ مضبوط شراکت داری کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں کی صحت، تعلیم اور غذائی قلت کے خاتمے کے لیے یونیسف بڑا پارٹنر ہے، یونیسف کے ساتھ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ اُنہوں نے کہا کہ یونیسف کے تعاون سے لڑکیوں کے لیے روزگار اور ہنر کے تربیتی پروگرام جاری ہیں، خیرپور اور گھوٹکی میں نوجوان لڑکیوں کو فنی تربیت سے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔