اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی ژالہ باری، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی ژالہ باری نے موسم کو تبدیل کردیا۔
جڑواں شہروں میں شدید اولوں کی بارش سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں پر ڈنٹ پڑ گئے جبکہ کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا۔
بلیو ایریا سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے گزشتہ تین روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم سہانا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 20 اپریل تک اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران آندھی، جھکڑ اور مزید ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہریوں نے موسم کی اس تبدیلی کو سراہا تاہم گاڑیوں کو ہونے والے نقصان نے کئی افراد کو پریشان کردیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: علاقوں میں ژالہ باری
پڑھیں:
چترال میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ، طغیانی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان
پشاور:چترال میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا جب کہ خیبر پختونخوا میں موسم غیر یقینی ہے۔ علاوہ ازیں مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چترال اور گرد و نواح میں حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری نے ایک بار پھر سرد موسم کی واپسی کی نوید دے دی ہے۔ پہاڑوں پر سفید چادر بچھ گئی ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری نے مقامی زراعت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
چترال کی خوبصورت کالاش ویلیز میں شدید ژالہ باری کے باعث پھلوں کے باغات اور مختلف فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ تیار فصلیں چند منٹ کی ژالہ باری میں تباہ ہو گئیں، جس سے معیشت پر براہ راست اثر پڑے گا۔
علاوہ ازیں مسلسل تیز بارشوں کے سبب چترال کے ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ کچھ علاقوں میں برساتی نالے سیلابی صورت حال اختیار کر چکے ہیں، جس سے مقامی افراد کو نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال اور کالام میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چترال کا درجہ حرارت 15 جب کہ کالام کا صرف 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو موسم بہار میں غیر معمولی ٹھنڈک کی علامت ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 39، بنوں 35 جب کہ پشاور کا 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے بعض مقامات پر مزید بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور گرد و نواح میں مزید بارش، ژالہ باری اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔