اکشے کمار نے فلم کیسری 2 کی اسکریننگ پر موبائل فون استعمال نہ کرنے کی اپیل کیوں کی؟
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنی نئی فلم کیسری: چیپٹر 2 کی خصوصی اسکریننگ کے دوران حاضرین سے موبائل فون استعمال نہ کرنے کی اپیل کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی میں ہونے والی خصوصی نمائش کے دوران اکشے نے حاضرین سے درخواست کی کہ وہ فلم کے دوران اپنے موبائل فون استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے مکالمات غور سے سننا ضروری ہے، اور موبائل چیک کرنا فلم کی توہین کے مترادف ہوگا۔
یہ خصوصی اسکریننگ 15 اپریل کو چانکیہ پوری کے ایک تھیٹر میں منعقد ہوئی، جس میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اکشے کمار کے ہمراہ فلم کے ساتھی اداکار آر مادھون بھی موجود تھے۔
اس ایونٹ میں دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، بی جے پی رکن پارلیمان بنسری سواراج، وزیر منجندر سنگھ سرسا اور انوراگ ٹھاکر شریک ہوئے۔
منجندر سنگھ سرسا نے اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور فلم کو جلیانوالہ باغ کے متاثرین کو خراج تحسین قرار دیا۔
واضح رہے کہ اکشے کمار کی یہ فلم 18 اپریل کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ یہ فلم ایڈووکیٹ سنکرن نائر کی بہادری اور سچ کے لیے جدوجہد پر مبنی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اکشے کمار
پڑھیں:
کراچی حج آپریٹرز کی حج بحران کے معاملے پر آرمی چیف، وزیراعظم اور صدر سے مداخلت کی اپیل
کراچی : حج آپریٹرز نے 67 ہزارعازمین کو کوٹے کے تحت اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔ حج آرگنائزر ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین زعیم اختر صدیقی نے وزیراعظم اورآرمی چیف سے مداخلت کی اپیل کر دی۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حج ٹور آپریٹر زعیم اختر صدیقی نے بتایا کہ تمام درخواست گزاروں کی ایڈوانس بکنگ مکمل ہو چکی ہے، اور حج آرگنائزر نے وقت پر تمام واجبات کی ادائیگی کر کے انتظامات مکمل کر لیے تھے، تاہم عین وقت پر ہزاروں درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ یہ بحران ٹور آپریٹرز کی غلطی سے پیدا ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا کل حج کوٹہ 1,79,210 ہے جس کا 50 فیصد حصہ پرائیویٹ سیکٹر کو دیا گیا تھا، مگر تاحال صرف 23 ہزار افراد کی درخواستیں ہی کنفرم ہو سکی ہیں، جب کہ 67 ہزار افراد اب تک غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ ان میں سے 13 ہزار ایسے حجاج ہیں جن کا اندراج سعودی نسک سسٹم میں سرے سے ہوا ہی نہیں۔
زعیم اختر صدیقی نے کہا کہ سعودی حکومت نے 23 جون 2024 کو حج سے فوراً بعد آئندہ سال کے حج کی پالیسی جاری کی تھی، جس پر عملدرآمد میں پاکستانی اداروں کو کئی مہینے لگ گئے۔ پاکستانی وزارتِ مذہبی امور نے 27 نومبر 2024 کو حج پالیسی جاری کی اور پرائیویٹ حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی 14 جنوری 2025 کو شروع کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ٹائم لائن کے مطابق 21 فروری تک تمام کارروائی مکمل ہونی چاہیے تھی، مگر پاکستانی نظام کی سست روی، SECP اور اسٹیٹ بینک سے منظوری میں تاخیر اور ریمیٹنس کی محدود یومیہ حد (3 لاکھ ڈالر) کے باعث رقوم کی بروقت ترسیل ممکن نہ ہو سکی۔
حج آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 500 افراد پر مشتمل کلسٹر کی حد تھی، جبکہ اس سال سعودی حکومت نے اچانک 2000 افراد والے کلسٹر نافذ کر دیے، جس پر عمل تو کیا گیا مگر اس میں وقت لگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سال حجاج کو پرانے سسٹم کے تحت حج کی اجازت دی جائے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 67 ہزار افراد نے زندگی بھر کی جمع پونجی حج کے لیے لگا دی ہے، اور ان کے ارمان خاک میں ملنے جا رہے ہیں۔ حج آرگنائزرز نے تسلیم کیا کہ سعودی ڈیجیٹل سسٹم کی سخت ٹائم لائن پر مکمل عمل نہ ہو سکا، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ 13 ہزار ایسے افراد جن کا اندراج نسک سسٹم میں نہیں ہو سکا، انہیں خصوصی اجازت دی جائے۔