راولپنڈی؛ ٹریفک پولیس آفس کے باہر سے موٹر سائیکل چوری کی انوکھی واردات
اشاعت کی تاریخ: 15th, April 2025 GMT
راولپنڈی میں لائسنس بنوانے کے دوران ٹریفک پولیس کے دفتر کے باہر سے شہری کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق چیکنگ کے دوران لائسنس نہ ہونے پر سٹی ٹریفک پولیس کا وارڈن موٹر سائیکل سوار کو لائسنس بنوانے کے لیے ٹریفک آفس لیکر گیا تو سڑک پر پارک اسی شہری کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی۔
چوری ہونے والی موٹر سائیکل 2 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تھی جس پر شہری سخت پریشان ہوگیا۔
تھانہ ریس کورس کو مقدمہ درج کرواتے ہوئے ڈھوک چوہدریاں کے رہائشی ملک نقاش نے بتایا کہ موٹر سائیکل نمبر CXQ58 پر دن دو بجے کے قریب قاسم مارکیٹ کے قریب سے گزر رہا تھا کہ جہانگیر نامی ٹریفک وارڈن نے روکا اور لائسنس کا پوچھا جس پر میں نے بتایا کہ نہیں ہے تو وہ مجھے لرنر لائسنس بنوانے کے لیے ٹریفک پولیس کے لائسنس آفس لے گیا، واپس آیا تو جس جگہ موٹر سائیکل کھڑی کی تھی موجود نہیں تھی۔
شہری کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
رابطہ کرنے پر متاثرہ شہری ملک نقاش نے مزید بتایا کہ جس جگہ ٹریفک وارڈن نے مجھے روکا وہاں اور بھی وارڈنز و شہری کھڑے تھے لیکن وارڈن مجھے موٹر سائیکل پر لائسنس بنوانے ساتھ لے گیا، موٹر سائیکل باہر ہی سڑک کنارے کھڑا کروایا جس پر میں نے ان سے کہا بھی کہ موٹر سائیکل کسی محفوظ جگہ پارک کرنے دیں لیکن وارڈن نے کہا کہ کچھ نہیں ہوتا جس پر بمشکل موٹر سائیکل کو ہینڈل لاک ہی لگا پایا اور اسکے ساتھ چل دیا۔
شہری کا کہنا تھا کہ خود پارکنگ کا کام کرتا ہوں، دو لاکھ روپے کا نیا موٹر سائیکل تھا۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج نکلوا کر سب کچھ دیکھ لیا جائے اور موٹر سائیکل برآمد کروایا جائے۔
واقعے پر رابطہ کرنے پر ایس ایچ او ریس کورس انسپکٹر چوہدری جمیل کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے، تفتیش اور تلاش میں مصروف ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل چوری لائسنس بنوانے ٹریفک پولیس
پڑھیں:
کراچی: احمدیوں کی عبادت گاہ کے باہر احتجاج کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کا مقدمہ درج
کراچی کے علاقے صدر میں احمدیوں کی عبادت گاہ کے باہر احتجاج کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق جمعے کو صدر موبائل مارکیٹ کے قریب احمدیوں کی عبادت گاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا،
پولیس اور رینجرز نے فوری ایکشن لے کر حالات کو قابو میں کیا۔
پولیس کے مطابق اسی جگہ پر تشدد کے نتیجے میں ایک 46 سالہ شخص لئیق ہلاک ہوگیا۔
ترجمان احمدیہ جماعت کے مطابق مقتول لئیق چیمہ کراچی میں احمدیہ جماعت کا سرگرم کارکن تھا۔ مقتول کے اہل خانہ کی درخواست پر قتل اور بلوے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے مطابق جمعے کے مظاہرے اور پُرتشدد واقعے سے ان کی جماعت کا بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔