پریانکا چوپڑا کی بالی ووڈ میں شاندار واپسی: مہنگی ترین اداکارہ بن گئیں
اشاعت کی تاریخ: 13th, April 2025 GMT
ہالی ووڈ میں اپنا جھنڈا گاڑنے کے بعد اب پریانکا چوپڑا بالی ووڈ میں دھوم دھام سے واپسی کر رہی ہیں، اور اس بار وہ نہ صرف اپنے فن بلکہ اپنی فیس سے بھی سب کو پیچھے چھوڑتی نظر آ رہی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ’’دیسی گرل‘‘ پریانکا چوپڑا دو بڑے پروجیکٹس ’ایس ایس ایم بی 29‘ اور ’کرش 4‘ کے ساتھ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پریانکا کو مہیش بابو کی فلم ’ایس ایس ایم بی 29‘ کےلیے 30 کروڑ روپے کی بھاری بھرکم فیس ادا کی جا رہی ہے، جبکہ ’کرش 4‘ میں ان کا معاوضہ بھی 20 سے 30 کروڑ روپے کے درمیان ہوگا۔ کچھ قیاس آرائیاں یہ بھی ہیں کہ وہ فکسڈ فیس کے بجائے منافع میں حصہ داری کا ماڈل اپنا سکتی ہیں، جو اب بڑے ستاروں کی نئی پسندیدہ حکمت عملی بن چکا ہے۔
’کرش 4‘ کے حوالے سے تو بات ہی کچھ اور ہے۔ ریتک روشن کے ساتھ ان کی آن اسکرین کیمسٹری ہمیشہ سے مداحوں کی پسندیدہ رہی ہے، اور اب جبکہ یہ جوڑی دوبارہ اکٹھی ہو رہی ہے، تو فلم کے پرستاروں میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ ریتک کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں جدید ترین وی ایف ایکس اور پرجوش کہانی کے ساتھ ساتھ ’جادو‘ کا کردار بھی واپس آ رہا ہے، جو اس سیریز کے مداحوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ ’کرش‘ سیریز نے ریتک روشن کو سپر اسٹار بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور اب ’کرش 4‘ فلم 2026 میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کےلیے ابھی کافی وقت ہے، جس میں ٹیم اسکرین پلے کو مزید بہتر بنا سکے گی اور وی ایف ایکس کے شاندار مناظر تیار کر سکے گی۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وہ بالی ووڈ اداکار جو اربوں روپوں کے ذاتی جیٹ کے مالک ہیں
بالی ووڈ اسٹارز جہاں پردے پر پرتعیش زندگی گزارتے نظر آتے ہیں وہیں حقیقی زندگی میں بھی ایک شاہانہ زندگی گزارتے ہیں، جہاں دنیا کی بہترین سہولیات ان کی دسترس میں ہوتی ہیں۔ ان میں سے کچھ مشہور شخصیات کے پاس نجی طیارے بھی ہیں جو ان کی پرتعیش زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں۔
شاہ رخ خان، سیف علی خان، پریانکا چوپڑا، امیتابھ بچن، اور اجے دیوگن ان ستاروں میں شامل ہیں جن کے پاس ذاتی طیارے ہیں۔ یہ طیارے وہ تعطیلات، فلموں کی شوٹنگ یا پروموشنز کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس سے وہ اپنے مصروف شیڈول کو با آسانی مینج کر لیتے ہیں۔
شاہ رخ خان:ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان کے پاس گلف اسٹریم G550 نجی طیارہ ہے، جسے وہ اکثر خاندانی تعطیلات یا فلمی کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 61.5 ملین ڈالر (یعنی 500 کروڑ روپے سے زائد) ہے۔
سیف علی خان:شاہ رخ خان کی طرح، سیف علی خان کے پاس بھی گلف اسٹریم G550 نجی طیارہ ہے۔ وہ اس 61.5 ملین ڈالر مالیت کے پرتعیش طیارے کو ذاتی اور خاندانی سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
پریانکا چوپڑا:عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے پاس ہاکر 800 طیارہ ہے، جو 6 سیٹوں پر مشتمل ہے۔ وہ اکثر اس طیارے میں اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ سفر کرتی ہیں۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 85 کروڑ روپے ہے۔
ہرتیک روشن:پریانکا چوپڑا کی طرح ہرتیک روشن کے پاس بھی ہاکر 800 نجی طیارہ ہے، جسے وہ خاندانی یا پیشہ ورانہ سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس کی قیمت بھی 85 کروڑ روپے ہے۔
امیتابھ بچن:میگا اسٹار امیتابھ بچن بومبارڈیئر چیلنجر 300 کے مالک ہیں، جس میں 10 مسافروں کی گنجائش ہے۔ ان کے طیارے کی مالیت تقریباً 260 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اجے دیوگن:اجے دیوگن کے پاس بھی ہاکر 800 نجی طیارہ ہے، جو چھ سیٹوں پر مشتمل ہے۔ اس طیارے کی قیمت بھی 85 کروڑ روپے ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اجے دیوگن ان اولین بالی ووڈ اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نجی طیارہ خریدا تھا۔
یہ سب طیارے ان ستاروں کی پرتعیش اور مصروف زندگی کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے وہ نہ صرف آرام دہ سفر کرتے ہیں بلکہ وقت کی بچت بھی کرتے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اجے دیوگن امیتابھ بچن بالی ووڈ پرائیوٹ جیٹ پریانکا چوپڑا سیف علی خان شاہ رخ خان ہرتیک روشن