سپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت بجٹ اجلاس سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سید نوید قمر، راجہ پرویز اشرف کے علاوہ مختلف پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو مؤثر اور شفاف انداز میں چلانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔
اجلاس میں بجٹ اجلاس کے دوران کورم کی دستیابی، ایوان کی کارروائی کے نظم و نسق، اور متوقع بجٹ کے دوران بحث کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اجلاس کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، جن کا بغور جائزہ لیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ بجٹ اجلاس کو پارلیمانی روایات کے مطابق مؤثر، بامقصد اور ہم آہنگ انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر سنیئر پارلیمنٹرین اور ممتاز سیاستدان سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز پر مرحوم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: قومی اسمبلی بجٹ اجلاس
پڑھیں:
سپیکر خیبر پی کے کرپشن الزامات سے بری کمیٹی میں اختلافات
پشاور (بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) سپیکر خیبر پی کے اسمبلی بابر سلیم سواتی کیخلاف بدعنوانی کے الزامات پر پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی کے 2 ارکان کے فیصلے میں اختلاف پیدا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قاضی انور نے بابر سلیم سواتی کو کلیئر قرار دے دیا تو مصدق عباسی نے قصور وار قرار دیا۔ اختلاف کے باعث تیسرے ممبر شاہ فرمان کو فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔ احتساب کمیٹی کے ممبر قاضی انور کی 7 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظر عام پر آگئی۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے تیسرے رکن شاہ فرمان سپیکر سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ سینئر پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر غیر قانونی بھرتیوں، ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔ دوسری جانب رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی انٹرنل اکائونٹیبیلٹی کمیٹی کے رکن نے بابر سلیم سواتی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی رپورٹ سلمان اکرم راجا کو بھیج دی۔ کمیٹی کے رکن قاضی انور نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کو رپورٹ بھیجنا کمیٹی کے ایس او پیز میں نہیں۔ سلمان اکرم راجا نے رپورٹ مانگی اس لیے انہیں بھیج دی ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا کو رپورٹ بھیج کر قاضی انور نے کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ کمیٹی کے دیگر 2 ارکان نے سلمان اکرم کو رپورٹ بھیجنے پر اظہار تشویش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی اندرونی احتساب کمیٹی نے سپیکر بابر سلیم سواتی کو اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام سے بری قرار دیدیا۔ کمیٹی کے ممبر ممتاز قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپیکر صوبائی اسمبلی پر الزامات سابق سینیٹر اعظم سواتی نے عائد کیے جنہیں وہ ثابت کر پائے نہ ہی کوئی ثبوت کمیٹی کو فراہم کیے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی پر جن بھرتیوں کا الزام عائد کیا گیا وہ یا تو ان کے دور سے پہلے ہوئیں یا پھر قواعد کے مطابق ہوئیں۔ بابر سلیم سواتی کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔