کورنگی میں ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق شہری سپرد خاک
اشاعت کی تاریخ: 10th, April 2025 GMT
کراچی:
کورنگی میں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق شہری کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، متوفی سیکیورٹی ادارے کا ریٹائرڈ اہل کار اور دواساز کمپنی میں سیکیورٹی آفیسر تھا، گھر کا واحد کفیل اور تین بچوں کا باپ تھا۔
ایکسپریس کے مطابق بدھ کو کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 41 سالہ محمد عدنان خان موقع پرجاں بحق ہوگیا تھا۔
محمد عدنان کی نماز جنازہ بعد مغرب سرجانی فیضان مدینہ مسجد میں ادا کی گئی نمازجنازہ میں متوفی کے اہل خانہ عزیز و اقارب اورعلاقہ مکین بڑی تعداد شریک ہوئے۔ بعدازاں متوفی محمد عدنان کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
متوفی سیکیورٹی ادارے کا ریٹائرڈ اہلکار اور دوا ساز کمپنی میں سیکیورٹی آفیسرتھا، متوفی محمد عدنان سرجانی ٹاؤن گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کا رہائشی، گھر کاواحد کفیل اور تین بچوں کا باپ تھا، عدنان کا سب سے چھوٹا بیٹا تین ماہ کا ہے، متوفی محمد عدنان کے بھائی نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کب تک کراچی کے شہری اس طرح کے حاثات میں اپنی جانیں گنواتے رہیں گے ایسے واقعات کب تھمیں گئیں؟ کیا ہماری جانوں کی کوئی قیمت نہیں ہے اگر کسی کے گھر کا کوئی فرد چلا جائے تو اس کے بچوں کی کون کفالت کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ کسی ماں کا کوئی لعل چلا جائے توکون ذمہ دارہوگا؟ کوئی ہم سے پوچھے ہم پر کیا بیت رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا واحد مطالبہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھرپور کوشش کی جائے تاکہ مزید جانیں جانے سے رک جائیں۔
عدنان کے بھائی نے مزید کہا کہ ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے وہ عدنان کے بچوں کو کیسے سمجھائیں اور انہیں کیا بتائیں کہ ان کے والد اب اس دنیا میں نہیں ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان کے ساتھ گلوبل سیکیورٹی تعاون کو فروغ دیں گے، چین
جیانگ زیڈونگ نے گفتگو میں کہا کہ سی پیک کے جدید ورژن کو تشکیل دیں گے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد کریں گے، پاکستان کے استحکام کی کوششوں کو محفوظ بنائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کی انھوں نے کہا کہ پاکستان کو قومی خودمختاری میں مدد فراہم کریں گے، پاکستان کو ترقی کے راستے پر چلنے میں مدد دیں گے۔ جیانگ زیڈونگ نے گفتگو میں کہا کہ سی پیک کے جدید ورژن کو تشکیل دیں گے، پاکستان کے ساتھ گلوبل سیکیورٹی تعاون کو فروغ دیں گے۔ چینی سفیر نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد کریں گے، پاکستان کے استحکام کی کوششوں کو محفوظ بنائیں گے۔