امریکا نے پاکستان کیلئے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کردیا
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
علامتی فوٹو
امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کےلیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کردیا گیا ہے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (USEFP) نے ایک اہم اعلان میں تصدیق کی ہے کہ امریکی حکومت نے پاکستان کےلیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (Global UGRAD) کو بند کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اسے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ اب یہ پروگرام مزید جاری نہیں رہے گا۔
فاؤنڈیشن کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ ان ہزاروں طلباء کےلیے مایوسی کا باعث بن سکتا ہے جنہوں نے اس سال درخواست دی تھی اور اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
گزشتہ 15 برسوں کے دوران گلوبل UGRAD پروگرام نے پاکستانی طلباء کو امریکہ میں تعلیمی تجربات، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی کے مواقع فراہم کیے۔
اس پروگرام نے طلباء کی شخصی و پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف برادریوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کیے۔
ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی تعلیمی ترقی کےلیے عزم کا مظاہرہ کیا۔
ادارے نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر بین الاقوامی تعلیمی اور اسکالرشپ مواقع تلاش کریں جو اُن کے مقاصد سے ہم آہنگ ہوں۔
اعلامیے کے آخر میں یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان نے تمام خواہشمند طلباء کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُن کے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کےلیے کامیابی کی دعا کی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: نے پاکستان
پڑھیں:
خان اکیڈمی اور کیئر فاؤنڈیشن کی شراکت، بذریعہ خانمیگو اساتذہ کی رہنمائی کا نیا قدم
— جنگ فوٹوخان اکیڈمی پاکستان نے کیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے مل کر خانمیگو کا پائلٹ پروگرام شروع کریں گے۔
یہ پروگرام پاکستان میں موجود کیئر فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں اساتذہ کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کرے گا تاکہ تدریس کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔
کیئر فاؤنڈیشن گزشتہ 30 سالوں سے تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور اس وقت ملک بھر میں 1100 اسکولوں کو سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ اس شراکت کے ذریعے اساتذہ کو خانمیگو اے آئی جیسے جدید ٹولز فراہم کیے جائیں گے، جو ناصرف سبق کی منصوبہ بندی میں مدد دیں گے بلکہ بچوں کی دلچسپی اور سیکھنے کے عمل کو بھی بہتر بنائیں گے۔
یہ معاہدہ اخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن کے درمیان طے پایا۔
بانی و چیئرپرسن کیئر فاؤنڈیشن مسز سیما عزیز کا کہنا ہے کہ یہ شراکت ہماری اُس سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم تک برابر رسائی حاصل ہونی چاہیے، خانمیگو جیسے اے آئی ٹولز کے ذریعے ہمارے اساتذہ مزید مؤثر انداز میں پڑھا سکیں گے اور بہتر نتائج لا سکیں گے۔
خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر پاکستان میں خانمیگو کا پائلٹ سسٹم متعارف کروا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ ٹول ہمارے اساتذہ کی روزمرہ تدریس میں مدد دے گا اور نئی نسل کے سیکھنے کے سفر کو بہتر بنائے گا۔
یہ پائلٹ پروگرام پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں اے آئی کے مثبت استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے، اگر کامیاب رہا تو یہ شراکت ملک بھر کے اسکولوں میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی راہ ہموار کرے گی، جس سے سیکھنے اور سیکھانے کا معیار بہتر ہو گا۔