اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل آج پاکستان پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان 8 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان 8 سے 10 اپریل 2025ء تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران سیکرٹری جنرل صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اور دیگر وفاقی وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں سیکریٹری جنرل ای سی او کے اقدامات اور اپنا اصلاحاتی ایجنڈا پیش کریں گے۔ اسلام آباد کے بعد ڈاکٹر اسد مجید خان لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ترجمان کے مطابق ڈاکر اسد مجید خان لاہور میں ای سی او کے مستقل نمائندوں کی کونسل کے 294 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس 12 سے 14 اپریل تک منعقد ہوگا۔دوسری جانب آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات مکائیل جباروف 8 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات سرمایہ کاری منصوبوں پر معاہدوں کو حتمی شکل دیں گے۔ دورہ پاکستان کے دوران مکائیل جباروف وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ آذربائیجانی وزیر کی قیادت میں وفد کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سرمایہ کاری امور پر بات چیت متوقع ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سیکرٹری جنرل کریں گے
پڑھیں:
کراچی؛ سینیٹ کی جنرل نشست کا ضمنی انتخاب، 4 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع
کراچی:سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست کے ضمنی انتخاب کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، جن میں سے دو کا تعلق پاکستان پییپلز پارٹی (پی پی پی) اور دو کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری شیڈول کے تحت صوبہ سندھ سے سینیٹ کی خالی جنرل نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 18 اپریل آخری دن تھا اور 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید وقار مہدی اور آصف خان جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے مجاہد رسول اور نگہت مرزا شامل ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کیے جانے کا عمل شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہا۔
سینیٹ کی نشست کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے فارم حاصل تو کیے مگر مقررہ وقت تک جمع نہیں کرایا۔
واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق 20 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی اور 22 اپریل کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور 24 اپریل کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل جمع کرانے کا آخری دن ہوگا، جس کے بعد 26 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
شیڈول کے تحت 28 اپریل تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور 6 مئی 2025 کو سینیٹ کی خالی نشست کے لیے سندھ اسمبلی عمارت میں پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔