علامہ سید جواد نقوی کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ، مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر تعزیت
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
سربراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ نے مولانا حامد الحق حقانی کی دینی، قومی اور سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ان کی گراں قدر کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اسلام ٹائمز۔ معروف مذہبی اسکالر علامہ سید جواد نقوی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان (س) کے سربراہ، مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نائب مہتمم دارالعلوم مولانا راشد الحق سمیع اور سیاسی جانشین مولانا عبدالحق ثانی سے الحق دفتر میں ملاقات کی۔ علامہ جواد نقوی نے مولانا حامد الحق حقانی کی دینی، قومی اور سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ان کی گراں قدر کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی اور اپنا تعزیتی پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر علماء میں ناظم اعلیٰ جامعہ العروۃ الوثقی مولانا ناصر مہدی کربلائی، مولانا مفتی محمد سعید خان (الندوہ ایجوکیشنل ٹرسٹ)، مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا عرفان الحق حقانی، مولانا لقمان الحق، مولانا اسامہ سمیع، مولانا خزیمہ سمیع اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مولانا حامد الحق حقانی کی
پڑھیں:
شہید علامہ عارف حسین الحسینی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں، علامہ غلام حُر شبیری
اسلام آباد میں منعقدہ تنظیمی کنونشن میں ''روش شہید علامہ عارف حسین الحسینی سیمینار'' سے خطاب کرتے ہوئے رفیق شہید حسینی کا کہنا تھا کہ آج وحدت اسلامی کے لیے مجلس وحدت مسلمین اپنا کردار ادا کررہی ہے، آج وحدت کا کردار شہید حسینی اور امام خمینی کا کردار ہے، وحدت اسلامی کو فروغ دینے کے لیے مجلس وحدت کا کردار لائق تحسین ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین یورپ کے مرکزی رہنما علامہ غلام حُر شبیری نے کہا ہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری آج شہید قائد کے راستے پر گامزن ہیں، جنہوں نے اپنی کوششوں اور کاوشوں سے شہید کے افکار کو زندہ رکھا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ تنظیمی کنونشن میں ''روش شہید علامہ عارف حسین الحسینی سیمینار'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ غلام حُر شبیری نے مزید کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی وحدت کے عظیم داعی تھے، وہ وحدت ملی کی وجہ سے شہید ہوئے، آج وحدت اسلامی کے لیے مجلس وحدت مسلمین اپنا کردار ادا کررہی ہے، آج وحدت کا کردار شہید حسینی اور امام خمینی کا کردار ہے، وحدت اسلامی کو فروغ دینے کے لیے مجلس وحدت کا کردار لائق تحسین ہے، ہمارے ملک میں تکفیریت سر اُٹھا رہی تھی لیکن مجلس وحدت نے اپنی کوششوں سے تکفیریت کا قلعہ قمع کردیا، شہید قائد نے سیاسی منشور کو پیش کیا ملک میں اور قوم کو سیاسی حوالے سے باشعور بنایا۔
اُنہوں نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی ہمیں سیاسی رموز سکھائے، یہی وجہ ہے کہ اُن کے دور میں ہم نے پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا، اُس راستے کو جس نے دوبارہ زندہ کیا وہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہیں۔ الحمد اللہ آج قیادت بیدار ہے اور میدان میں موجود ہے، آج ہر سیاسی محفل اور پارلیمنٹ کی زینت ہم ہیں، سیاسی و سماجی اعتبار سے ہم باوقار ہیں، آج کوئی فیصلہ ہمارے بغیر ممکن نہیں، ہم فکر خمینی کو زندہ رکھیں گے۔