نیشنل کانفرنس وقف بل کے خلاف ہے اور کئی فریق اسوقت سپریم کورٹ میں ہیں، فاروق عبداللہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
نیشنل کانفرنس کے سربراہ سے امت شاہ کے جموں و کشمیر دورے پر ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ یہاں آکر دیکھیں گے کہ کشمیر کے حالات کیسے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلٰی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وقف قانون پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس بل کے خلاف ہے، کئی فریق اس وقت سپریم کورٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر نے بحث نہیں ہونے دیا کیونکہ مسئلہ اب سپریم کورٹ میں پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گا۔ گاندربل میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وقف پر کسی سے بات نہیں کروں گا، جو بات کہنی ہے وہ وزیراعلٰی کریں گے۔
دراصل آج جموں و کشمیر اسمبلی میں وقف قانون سے متعلق تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے۔ کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے وقف پر تبادلہ خیال کے لئے وقفہ سوال ملتوی کرنے کی تجویز کو منظور کردیا۔ یہ تجویز نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی نذیر احمد گریزی اور تنویر صادق نے پیش کی تھی، اس کے بعد جم کر ہنگامہ ہوا۔ ہنگامہ اتنا ہوا کہ دو بار ایوان کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ کانگریس اور بی جے پی کے اراکین اسمبلی میں ہاتھاپائی کی نوبت آگئی۔ تیسری بار اسپیکر نے پورے دن کے لئے کارروائی کو ملتوی کردیا۔
جب ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے جموں و کشمیر دورے پر ردعمل پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ تو کشمیر آتے رہتے ہیں، اچھی بات ہے، یہاں آکر دیکھیں گے کہ کشمیر کے حالات کیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بہت جلد ہی کشمیر کا ریاستی درجہ واپس کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وقف قانون کے خلاف کئی فریق سپریم کورٹ پہنچ چکے ہیں۔ ان میں بہار کے کشن گنج کے کانگریس رکن پارلیمنٹ محمد جاوید، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی اور پارلیمنٹ کے رکن کپل سبل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند (مولانا ارشد مدنی) نے بھی سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے، اس کے علاوہ کئی اور ملی تنظیمیں بھی عدالت جانے کی تیاری کررہی ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سپریم کورٹ
پڑھیں:
مودی حکومت کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیئے، سرفراز احمد صدیقی
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری نے کہا کہ یہ قانون کئی بنیادی حقوق کے خلاف ہے اور اقلیتوں کو متعدد دفعات میں دئے گئے حقوق و اختیارات سے متصادم ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وقف ترمیمی قانون پر جاری سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف انڈیا کے کئی شقوں پر عارضی روک کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور سپریم کورٹ کے معروف وکیل سرفراز احمد صدیقی نے کہا کہ مودی حکومت کو ہٹ دھری چھوڑ کر مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے وقف ترمیمی قانون کو واپس لے لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے چیف جسٹس نے نہ صرف حکومت کو آئینہ دکھایا ہے بلکہ اس کے منصوبے کو ناکام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا ایک ادنی سا طالب علم بھی ایسا غیر آئینی بل پیش کرنے اور نہ ہی اسے پاس کرانے کی حماقت کرے گا۔
ایڈووکیٹ سرفراز احمد صدیقی نے کہا کہ یہ قانون کئی بنیادی حقوق کے خلاف ہے اور اقلیتوں کو متعدد دفعات میں دئے گئے حقوق و اختیارات سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی حکومت کا پارلیمنٹ سے پاس کرانا مسلمانوں کے جذبات سے کھیلواڑ کرنے کے علاوہ اور کیا کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے دن کی سماعت کے دوران جس طرح کے سوالات اٹھائے اور وقف ترمیمی قانون کے شقوں پر سوالیہ نشان لگایا اس سے ظاہر ہوگیا تھا کہ یہ قانون سپریم کورٹ میں ٹھہر نہیں پائے گا۔