پاکستان نے میانمار زلزلہ متاثرین کیلئے 35 ٹن امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھجوادی
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
کراچی:
زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی دوسری کھیپ میانمار کے شہر ینگون میں باضابطہ طور پر مقامی حکام کے حوالے کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 35 ٹن ہنگامی امدادی سامان پر مشتمل یہ دوسری کھیپ ینگون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میانمار کے حکام کے سپرد کی گئی جس کے بعد حالیہ زلزلے کے بعد بھیجی گئی مجموعی امداد 70 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
یہ امداد وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر روانہ کی گئی، جس کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موثر رابطہ کاری اور تیز تر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔
تقریب میں میانمار میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ امدادی سامان ینگون ریجن کے وزیر اعلیٰ اور وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق حکومت پاکستان اور این ڈی ایم اے میانمار کے زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان
پڑھیں:
حکومت کو ملنے والی غیرملکی امداد میں کمی آگئی
اسلام آباد:حکومت کو ملنے والی غیرملکی امداد میں کمی آگئی، رواں مالی سال امداد کا ہدف 19 ارب ڈالر ہے تاہم 9 ماہ گزرنے کے باوجود تاحال 5 ارب 50 کروڑ 75 لاکھ ڈالر ہی مل سکے ہیں جو کہ سالانہ ہدف کا محض 28.40 فیصد ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن حکام کے مطابق حکومت کو رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران حاصل ہوئی بیرونی فنانسنگ میں سے 5 ارب 37 کروڑ ڈالر بطور قرض ملا جبکہ 13 کروڑ 56 لاکھ ڈالر بطور گرانٹ شامل ہیں تاہم اس میں آئی ایم ایف سے ملنے والی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط شامل نہیں ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس عرصے میں پاکستان کو پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 1.39 ارب ڈالر کم فنڈز حاصل ہوئے، گزشتہ سال جولائی سے مارچ کے دوران پاکستان کو 6 ارب 89 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت موصول ہوئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موصول ہوئی فنانسنگ کی تفصیلات کے مطابق اس عرصے کے دوران سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دو ارب ڈالر قرض دیا جبکہ چین نے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کیا۔
اس کے علاوہ دیگر عالمی اداروں نے 2 ارب 82 کروڑ 76 لاکھ ڈالر فراہم کیے جن میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے ایک ارب 18 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک کی جانب سے 72 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔
مالی معاونت فراہم کرنے والے ممالک میں چین، امریکا، سعودی عرب، فرانس، کویت اور جاپان شامل ہیں جبکہ فرانس نے 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، چین نے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالر، امریکہ نے 4 کروڑ ڈالر، جاپان نے 2 کروڑ 88 لاکھ ڈالر اور کویت نے دو کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی مالی امداد فراہم کی ہے۔