عید پر زائد چھٹیاں کیوں کی؟ لاہور میں دکاندار نے تشدد سے ملازم کی جان لے لی
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
عید کی چھٹیوں پر نہ آنے کی سزا موت بن گئی، لاہور کے علاقے مناواں میں عید پر زائد چھٹیاں کرنے پر دکاندار کے مبینہ تشدد سے 18 سالہ ملازم جاں بحق ہو گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول نوجوان ایک ملک شاپ پر کام کرتا تھا اور عید کے موقع پر چند روز کی چھٹیاں کی تھیں، جس پر دکان کے مالک نے غصے میں آ کر اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
تشدد سے زخمی ہونے والے نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
مناواں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دکان کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقتول کے والد کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Post Views: 2.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
’’تمہارے بھائیوں نے گندم کی فصل میں کم حصہ دیا‘‘ بیوی کے تشدد سے شوہر ہلاک
بیوی کے بہیمانہ تشدد سے شوہر جاں بحق ہوگیا۔ ابتدائی طور پر تشدد سے قتل کی وجہ گندم کی فصل میں حصہ بتایا گیا ہے۔
افسوس ناک واقعہ پنجاب کے علاقے شاہکوٹ میں پیش آیا، جہاں گندم کی فصل میں حصہ کم ملنے کے تنازع پر بیوی کے مبینہ تشدد سے شوہر جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں 35/32-چودہ ایل میں پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور اس کے بھائیوں نے مل کر گندم کی فصل کاشت کی تھی، تاہم خاتون کا مؤقف تھا کہ فصل کی تقسیم میں ان کے شوہر کے خاندان نے ناانصافی کی اور انہیں کم حصہ دیا گیا۔ اس معاملے پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔
پولیس کے مطابق اسی دوران مبینہ طور پر بیوی نے شوہر پر شدید تشدد کیا، جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اہل علاقہ میں واقعے کے بعد خوف و افسوس کی فضا قائم ہے۔