سندھ بلڈنگ ، نمائشی انہدامی کارروائیوں کی آڑمیں ناجائز تعمیرات کی بھرمار
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
اسحاق کھوڑو غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور افسران کو پٹہ ڈالنے میں ناکام
بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب کی سرپرستی جاری، اعلیٰ عدلیہ کے احکامات سے نظرانداز
ناظم آباد نمبر 2پلاٹ B18 کی مخدوش عمارت پر ناجائز چھٹی منزل کی تعمیر جاری
ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو ناجائز تعمیرات کی روک تھام اور افسران کو پٹہ ڈالنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ بدعنوان بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب کی غیر قانونی امور کی سرپرستی سے متعلق عوامی و سماجی شخصیات کی شکایات اور صحافیوں کی نشاندہی کو بھی مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد یقینی بناکر صوبے کا تعمیراتی بنیادی ڈھانچہ تباہی سے بچانے کیلئے قائم کیے گئے ادارے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا وجود مشکوک دکھائی دیتا ہے۔ احتساب کے خوف سے لاپروا ہوکر تعمیراتی کاموں کے دوران بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے بلڈنگ قوانین اور اعلیٰ عدلیہ کے احکامات ہوا میں اڑانے کا سلسلہ بلا خوف وخطر جاری ہے ۔دوسری جانب بلڈنگ بائی لاز کے خلاف قرار دیکر نمائشی طور پر منہدم کی جانے والی عمارتوں کی ازسرنو تعمیرات کی روایت بھی برقرار ہے۔ علاقے میں پانی بجلی گیس سیوریج اور پارکنگ کے بنیادی مسائل میں دن بہ دن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس وقت بھی ناظم آباد نمبر 2بلاک B کے پلاٹ نمبر 18کی مخدوش عمارت پر چھٹی منزل تعمیر کی جا رہی ہے جو انسانی جانوں کیلئے انتہائی تشویشناک ہے ۔جاری تعمیرات پر ناظم آباد کے عوام کا وزیر بلدیات سے مطالبہ ہے کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران و نام نہاد بیٹروں کے خلاف سندھ ہائیکورٹ اوراینٹی کرپشن اور دیگر اداروں سے تحقیقات کروائی جائیں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی میں لا کر ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
چینی شہریوں پر حملے ، صحافیوں کی ریکی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی:رینجرز اور سی ٹی ڈی نے ایک آپریشن کے دوران چینی شہریوں پر حملے ، صحافیوں کی ریکی اور دیگر کارروائیوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
سندھ رینجرزاورسی ٹی ڈی نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کر کےاس کے قبضےسے اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔
انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچ لیبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم اختر عرف اکو عرف بنگالی کو گرفتار کیا، جس کے قبضےسے اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتارملزم اختر عرف اکو عرف بنگالی محلہ سر گواد لیاری کا رہائشی ہے، جو 2019 میں اپنے قریبی ساتھی فراز عرف گنج کے کہنے پر بی ایل ایف میں شامل ہوا۔ ملزم اپنے ساتھی فراز عرف گنج بلوچ کے ساتھ مل کر متعدد حساس مقامات کی ریکی کرنےاور ویڈیوز بنانے میں ملوث رہا ہے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 9 مارچ 2021 کو اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ساتھ مل کر بغدادی کے علاقے لیاری کمیلا بس اسٹاپ کے قریب چائنیز نیشنل کی گاڑی پر فائرنگ کرنے میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں چائنیز نیشنل منیجر جیسن اورراہگیر خالد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کی ایف آئی آر بغدادی تھانے میں درج ہے اورملزمان کو سی سی ٹی وی میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
گرفتار ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ہمراہ حب چوکی میں صحافی اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی ریکی کرنے اور ویڈیوز بنا کر بی ایل ایف کے کمانڈر عبد الرحمان عرف عدنان عرف ڈیوڈ کو بھجوانے میں ملوث ہے۔
10 اکتوبر 2021 کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے حب چوکی کے علاقے میں شاہد زہری کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے دھماکا کیا تھا جس کےنتیجے میں شاہد زہری جاں بحق جب کہ دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے اوریکم نومبر2021 کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے حب چوکی کے علاقے میں صحافی اکرم ساجدی کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کر کے دھماکا کیا تھا جس میں صحافی اکرم ساجدی ہلاک ہوئے تھے۔
ملزم سے دورانِ تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔