مشکل وقت میں وزیراعظم نے سیاست نہیں، ریاست کو بچایا: عطاء اللہ تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام ہماری طاقت ہیں، عوامی حمایت سے ہی مشکل اور درست فیصلے کرنے میں کامیابی ملی، مشکل وقت میں وزیراعظم نے سیاست نہیں، ریاست کو بچایا۔اپنے حلقہ این اے127 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرعطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایک ایک دن کو عوام کی امانت سمجھ کر گزارتے ہیں، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دیں گے، آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر آگئی، یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، صنعتیں چلیں گی تو بیروزگاری کم ہوگی، اس ملک کو عظیم بنانے کیلئے سب مل کر آگے بڑھ کر کام کرتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا کے مالیاتی ادارے آج پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھو رہی ہے، تمام معاشی اشاریے عکاسی کرتے ہیں پاکستان اڑان بھر چکا ہے، پاک فوج کا قومی سلامتی کے ساتھ معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
آئندہ دنوں میں بجلی مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ سستی ہوگی، اعظم نذیر تارڑ
گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت میں مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔
اتوار کو جڑانوالہ میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ زراعت کو نصاب میں شامل ہونا چاہیے، چین نے پروگریسو فارمنگ کے ذریعے انقلاب برپا کیا ہے اور وزیر اعظم نے اس معاملے میں چین سے خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ زراعت کی جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے ہمارے ایک ہزار زرعی گریجویٹس تربیت کے لیےچین جا رہے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ زیادہ پیداوار کے لیے بیج اچھا ہونا بھی ضروری ہے، وزیراعظم سیڈز ڈویلپمنٹ کے لیے پُرعزم ہیں، اجناس کا یہ بحران عارضی ہے اور جلد اس پر قابو پالیں گے ، سپورٹنگ پرائس ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات عارضی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 15 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور حکومت گندم کاشت کرنے والے زمینداروں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی اور آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت میں مزید سات سے آٹھ روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
آج بروز پیر بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر،گلگت بلتستان میں آج بارش کا امکان