پی این ایس اصلت کا صومالیہ کے مشرقی ساحل پر بحری قزاقوں کیخلاف گشت
اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT
پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت—فائل فوٹو
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے صومالیہ کے مشرقی ساحل پر بحیرہ عرب میں بحری قزاقی کے خلاف گشت شروع کردیا۔
پی این ایس اصلت نے کمبائنڈ ٹاسک فورس سی ٹی ایف151 کی معاونت کے لیے صومالیہ کے مشرقی ساحل سے دور بحیرہ عرب میں انسدادِ قزاقی گشت کا آغاز کیا ہے۔
کمبائن ٹاسک فورس سی ٹی ایف 151 کی قیادت اس وقت پاک بحریہ کر رہی ہے۔
پاک بحریہ کے تباہ کن جہاز پی این ایس اصلت نے انڈو نیشیا میں کثیر الا قوامی بحری مشقوں میں ملک کی نمائندگی کی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاکستان نیوی) کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاک بحریہ کی زیر قیادت سی ٹی ایف 151 خلیج عدن، سوکو تراگیپ کے آس پاس اور صومالیہ کے مشرقی ساحل پر بحری قزاقی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے خطے میں اپنی موجودگی بڑھانے کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے۔
ان کوششوں کا مقصد بحری قزاقی، مسلح ڈکیتی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے تاکہ اہم سی لائنز آف کمیونیکیشن کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔
پی این ایس اصلت کی تعیناتی بحری قزاقی اور مسلح ڈکیتی سے نمٹنے کے لیے پاکستان نیوی کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
دوران پرواز جہاز کی چھت گر پڑی، مسافر ہاتھوں سے تھامنے پر مجبور
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکہ میں ایوی ایشن کی دنیا ایک اور حیرت انگیز واقعے سے لرز اٹھی، جب اٹلانٹا سے شکاگو جانے والی ڈیلٹا ایئر لائن کی پرواز میں دورانِ پرواز اچانک جہاز کی چھت گر گئی۔ مسافروں کو اپنی جان بچانے کے لیے چھت کو اپنے ہاتھوں سے تھامنا پڑا، تاکہ وہ مکمل طور پر نہ گر جائے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریباً 30 ہزار فٹ کی بلندی پر متعدد مسافر اپنے ہاتھ اوپر کر کے چھت کی پینل کو سنبھال رہے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو ٹک ٹاک پرلوکاس مائیکل پینے نے شیئر کی، جسے 1.95 لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔
لوکاس مائیکل پینے نے ویڈیو کے ساتھ لکھا، ’میرا دوست اس ڈیلٹا فلائٹ پر تھا جب جہاز کی چھت نیچے گر گئی۔ اٹینڈنٹس نے آخرکار ڈکٹ ٹیپ سے اسے ٹھیک کیا، لیکن کافی دیر تک مسافروں کو ہی اسے سہارا دینا پڑا۔‘
View this post on InstagramA post shared by pete koukov☔️ (@eggxit)
ڈیلٹا ایئر لائن کے ترجمان نے نیویارک پوسٹ کو بتایا، ’ہم اپنے صارفین کی صبر و تحمل اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم تاخیر پر معذرت خواہ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بوئنگ 717 طیارے کی اندرونی پینل کو دوبارہ اپنی جگہ پر لگا دیا گیا تھا تاکہ مسافروں کو مزید اس کو تھامنے کی ضرورت نہ پڑے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ مسافروں کو تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد متبادل جہاز سے شکاگو روانہ کیا گیا۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین اور پرواز میں موجود افراد نے ڈیلٹا ایئر لائن پر سخت تنقید کی۔ ایک خاتون نے تبصرہ کیا، ’میں اس پرواز میں آگے کی سیٹ پر بیٹھی تھی، یہ واقعی بہت خوفناک تجربہ تھا۔‘
ایک اور صارف نے لکھا، ’ڈیلٹا نے صرف 10 ہزار میل (یعنی تقریباً 100 ڈالر) کی پیشکش کی، جب کہ ہمیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا اور دوسرا جہاز لینا پڑا۔‘
مزاحیہ انداز میں ایک صارف نے کہا، ’اسی لیے میں گاڑی میں سفر کرتا ہوں۔‘
یہ واقعہ واحد نہیں، بلکہ حالیہ دنوں میں کئی ہوائی حادثات پیش آئے ہیں۔
15 اپریل کو فلوریڈا سے پورٹو ریکو جانے والی فرنٹیئر ایئر لائنز کی پرواز میں لینڈنگ کے دوران ایک پہیہ ٹوٹ گیا، جس کے بعد مسافروں کو اپنی جان کے لالے پڑ گئے۔
اسی طرح، فروری میں ٹورانٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک ڈیلٹا طیارہ لینڈنگ کے دوران الٹ گیا تھا۔
یہ حالیہ واقعہ ایوی ایشن کے بڑھتے ہوئے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، جن سے مسافر عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈیلٹا ایئر لائن پر دباؤ ہے کہ وہ مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے، اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔