سستی بجلی: عوام کو ریلیف دینا مشکل فیصلہ تھا، خالد مقبول
اشاعت کی تاریخ: 6th, April 2025 GMT
ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ اتحادی حکومت کے اس مشتر کہ عزم کا حصہ ہے کہ ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزان کریں گے۔
ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عام پاکستانیوں کی خوشحالی سے ہی ملک کی خوشحالی منسلک ہے، ہم نے مل کر سیاست کے بجائے مملکت کو ترجیح دی ہے ۔
ان حالات میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی اور منہگائی میں تیزی سے کمی دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ بجلی کی قیمت میں کمی کے ذریعے عوام ،معیشت اور صنعت کو ریلیف دینا ایک مشکل لیکن قومی امنگوں سے ہم آہنگ فیصلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی مہنگائی میں مزید کمی کا باعث ہوگی۔اس فیصلہ پر وزیر اعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بجلی کی
پڑھیں:
فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کو فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے ، ایاز صادق
ISTANBUL:قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے استنبول میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین سمیت دیگر ممالک کے اسپیکرز سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اور امت مسلمہ کو اس معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔
ترکیے کے شہر استنبول میں فلسطین کی حمایت میں منعقدہ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شریک ممالک کے اسپیکرز، پریذائیڈنگ افسران سے اہم ملاقاتیں کیں اور فلسطین کی تشویش ناک صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ترکیے کے اسپیکر کے فلسطین کے معاملے پر اہم اجلاس منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اجلاس کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یکجہتی کا اظہار تھا اور انہوں نے پاکستان کی فلسطینیوں کے ساتھ غیرمتزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کو فلسطین پر متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے، فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے، فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کو فیصلہ کن کرنے ہوں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فلسطین کے اسپیکر سے ملاقات کی اور فلسطینی عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی ماؤں، بچوں اور بزرگوں کا درد محسوس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان فلسطینی عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد قراردادیں منظور کیں ہیں، اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، فلسطین کی حالت زار پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
اس موقع پر فلسطین کے اسپیکر نے پاکستان کے فلسطینی عوام کے لیے دردمندانہ جذبات کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ترکیہ کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور فلسطین کی تشویش ناک صورت حال پر مشترکہ حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔
اماراتی ہم منصب سے ملاقات میں ایاز صادق نے فلسطین میں فوری جنگ بندی پر زور دیا، اسی طرح ملائیشیا کے ہم منصب سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین پر پارلیمانی سطح پر تعاون پر اتفاق کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے انڈونیشیا کے اسپیکر سے بھی ملاقات کی، جہاں اسلاموفوبیا پر اظہار تشویش اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے اقوام عالم کو مظلوم اقوام کے حق خود ارادیت کے لیے بیدار کرنا پڑے گا، پاکستان پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔