وزیراعلیٰ کے پی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
پشاور:
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے اگئے جبکہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے علی امین گنڈا پور کے بیانات کا نوٹس لے لیا۔
پشاور میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے لگائے گئے کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں X, Y,Z کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کو ہٹانے میں صداقت نہیں تاہم علی امین گنڈا پور نے رہنماؤں پر جو الزامات لگائے پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے اُس کا نوٹ لے لیا کیونکہ یہ درست الزامات نہیں ہیں۔
خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر نے کہا کہ پارٹی میں علی امین ہوں یا تیمور جھگڑا سب بانی کے کارکن ہیں ، پارٹی کی سنئیر قیادت نے وزیر اعلی کے بیانات کا بھی نوٹس لے لیا ہے فریقین کو حالیہ صورتحال میں صبر و تحمل سے کام لینا چایے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ کے منصب کیلیے بانی چیئرمین نے منتخب کیا، اس وقت ہم عمران خان کو جیل سے نکالنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نہروں کے منصوبے کیخلاف سندھ متحد ہے، پیچھے ہٹنے والے نہیں،وزیراعلیٰ
سیہون / بھان سعید آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نہروں کے منصوبے کے خلاف سندھ متحد ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے نہروں کے منصوبے پر اپنا واضح موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اس منصوبے کے خلاف متحد اور سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیہون میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ بات چل رہی تھی کہ صرف پیپلز پارٹی ہی کینالز کو بند کروا سکتی ہے اور یہ بات درست ہے کیونکہ ان کینالز کی منظوری نگراں حکومت نے ارسا سے لی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ ہاؤس میں پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ ان کینالز کو کسی صورت سپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن کے دوران عوام نے بھرپور انداز میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور حال ہی میں حیدرآباد ڈویژن میں ہونے والا جلسہ بھی ایک شاندار اور بڑا جلسہ تھا۔ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ یہ تو صرف ایک ڈویژن کا جلسہ تھا، ابھی سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے کینالز کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کے احتجاج کو ویلکم کیا جاتا ہے، تاہم بعض عناصر اس احتجاج کو پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ ہم کینالز کے معاملے پر عوام کے ساتھ ہیں۔