کینالز کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ پروپیگنڈا کرنے میں بہت تیز ہیں، صدر مملکت نے پارلیمنٹ میں کہا ان منصوبوں کی حمایت نہیں کرسکتا، صدر مملکت نے اس معاملے پر کسی سمری پر دستخط نہیں کیے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالز کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ہم کینال کے خلاف کھڑے ہیں، آئین کہتا ہے صوبوں کے اتفاق تک پانی کامنصوبہ نہیں بن سکتا، انہوں نے واضح کیا کہ کوئی منصوبہ بنانے کی سوچ پر تو پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جولائی کے منٹس آئے اور پروپیگنڈا کیا گیا کہ صدر مملکت نے منظوری دے دی، کچھ لوگ پروپیگنڈا کرنے میں بہت تیز ہیں، صدر مملکت نے پارلیمنٹ میں کہا ان منصوبوں کی حمایت نہیں کرسکتا، صدر مملکت نے اس معاملے پر کسی سمری پر دستخط نہیں کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صدر مملکت کسی منصوبے کی منظوری دے ہی نہیں سکتے، پانی کا معاملہ سی سی آئی میں جاتا ہے، صوبوں کی مشاورت ہوتی ہے، ہم نے ہر چیز دیکھ کر بتادیا کہ یہ منصوبہ غلط ہے، پانی کا کوئی بھی منصوبہ صوبوں کے اتفاق کے بغیر نہیں بن سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے پاس کسی کو کام سے روکنے کا اختیار نہیں، صدر مملکت نے کسی سمری پر دستخط کیے نہ ہی منظوری دی، سندھ کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: صدر مملکت نے
پڑھیں:
رانا ثنا کا شرجیل میمن سے رابطہ، دونوں رہنماؤں کا کینالز معاملہ بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق
اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن سے فون پر رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے کینالز مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور میاں نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ کینالز کے معاملے پر سندھ کے تحفظات کا خاتمہ کیا جائے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر سندھ کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
سینیئر صوبائی وزیر سرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازعہ کینالز پر شدید تحفظات ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے لئے 1991 کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے، پیپلز پارٹی بھی کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔