آذربائیجان کے صدر الہام علیوف رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔
یہ دورہ 26 اور 27 اپریل کو متوقع ہے، جس کے دوران دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق، آذربائیجان پاکستان میں مختلف ترقیاتی اور تجارتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس میں موٹروے ایم-6، موٹروے ایم-9، اور بدین میں آئل ریفائنری منصوبے شامل ہیں۔
پیٹرولیم، بنیادی ڈھانچے، تجارت اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔سکھر-حیدرآباد موٹروے ایم-6 اور ایم-9 میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
بدین میں آذربائیجان کی سرمایہ کاری سے ایک جدید آئل ریفائنری قائم کی جائے گی۔
آذربائیجان وائٹ پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری پر بھی رضامند ہو گیا ہے۔پیٹرولیم سیکٹر میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔
اس دورے سے قبل، آذربائیجان کے وزیر معیشت میخائیل جبروف آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے، جہاں ان تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ا ذربائیجان کے سرمایہ کاری
پڑھیں:
پاکستان‘ افریقی ممالک میں سرمایہ کاری و تجارتی خلاء دور کرنا ہو گا: شافع حسین
لاہور (کامرس رپورٹر) افریقہ ہاؤس پاکستان اور وزارت خارجہ کے اشتراک سے افریقی ممالک کے وزراء اور بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں پاکستان سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں استقبالیہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔ چیئرمن افریقہ ہاؤس محمد ریحان یونس، ایمبیسڈر حامد اصغر خان، یوگنڈا کے وزیر زراعت مسٹر فریڈریک، افریقی ممالک اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان افریقہ فرینڈز شپ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین موجود سرمایہ کاری اور تجارتی خلا دور کرنا ہو گا، وقت آگیا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھایا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ افریقی ممالک کے سرمایہ کاروں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔