سعودی میں گداگری پر ڈی پورٹ خاتون دوبارہ جاتے ہوئے آف لوڈ، 2 مسافر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
دھوکہ دہی اور جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو کراچی امیگریشن نے گرفتار کرلیا جبکہ سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔
خاتون مائی داملو وزٹ ویزہ پر یو اے ای جا رہی تھی کہ خاتون کا نام آئی بی ایم ایس سسٹم میں ہٹ ہوا۔ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ خاتون سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ ہو چکی تھی۔
دوسری کارروائی میں جعلی شناخت پر غیر قانونی شہریت حاصل کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا جو ایتھوپین ایئرلائن سے ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچا جس پر "ڈی پورٹیشن" کی مہر ثبت تھی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے جنوبی افریقہ کی شہریت غیر قانونی طریقے سے حاصل کی تھی۔ برتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق مسافر کا اصل نام پاکستانی علی رضا ہے جنوبی افریقہ کے پاسپورٹ پر اس کا نام سلیمان غانچی رضا درج ہے۔
مزید براں مسافر غیر قانونی طریقے سے جنوبی افریقہ سے زمبابوے داخل ہوا، جہاں اسے گرفتار کر کے 2 ماہ کےلیے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفارت خانے نے اس کی پاکستانی شناخت کی تصدیق کرکے ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا اور اسے پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے سعودی عرب جانے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔ مسافر محمد صالح کے پاسپورٹ پر مبینہ طور پر ٹیمپرنگ پائی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاس جعلی کینیڈین ویزہ تھا جو ایک ایجنٹ نے فراہم کیا تھا۔
مسافر کے مطابق اس نے سوشل میڈیا پر سید غلام شاہ عباس نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا۔ ایجنٹ نے اسے کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دیا۔ ایجنٹ نے 5 لاکھ روپے میں جعلی ویزہ فراہم کرنے کے معاملات طے کیے، جس کے لیے مختلف ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔
مسافر سے جعلی ویزے اور جعلی کینیڈین اسٹیمپ کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔
مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بکریاں چورے کرنے والا ملزم گرفتار، ویڈیو بھی سامنے آگئی
راولپنڈی:چکلالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بکریاں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت علی حسنین کے نام سے ہوئی، چوری شدہ بکریوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 01 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔
واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضہ پولیس میں لی گئی، ملزم چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔
چکلالہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز سمیت تمام ذرائع بروئے کارلاتے ہوئے مجرم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔