صدر زرداری کورونا میں مبتلا، اسپتال میں زیر علاج
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے صدر مملکت کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل صدر زرداری کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔
صدر کی صحت سے متعلق اظہارِ تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کی جلد شفایابی کی دعا کی اور صدر مملکت کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے جیو نیوز کو بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر کی ملاقاتوں پر پابندی لگادی گئی ہے، انہیں مکمل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق آصف علی زرداری انفیکشس ڈیزیز کے ماہرین کے زیرِ علاج ہیں، ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے صدر زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، برسی کی تقریب سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی صدر زرداری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
گورنر ٹیسوری نے صدر زرداری کے لیے اسپتال میں گلدستہ بھی بھجوایا ہے، جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی صدر مملکت کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے ہی میدان پر ریت کی دیوار ثابت
کراچی:بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے ہی میدان پر ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
زمبابوے سے پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز میزبان بیٹنگ لائن مہمان بولرز کے تباہ کن حملوں پر 191 رنز پر میدان بدر ہوگئی۔
مومن الحق نے ففٹی بنائی۔ پیسرز بلیسنگ موزا ربانی اور ویلنگٹن مساکیڈزا نے 3،3 پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ زمبابوے نے کھیل ختم ہونے تک بنا نقصان 67 رنز بنالیے۔
برائن بینیٹ 40 اور سام کرن 17 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ سلہٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی دن بنگلہ دیش ٹیم 191 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
گذشتہ 10 ٹیسٹ اننگز میں یہ چھٹا موقع ہے کہ بنگلہ دیش 200 سے کم رنز پر آؤٹ ہوئی۔ مومن الحق 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان نجم الحسین شانتو نے 40 رنز بنائے۔ زمبابوے کو خسارے سے نکلنے کے لیے مزید 124 رنز درکار ہیں۔