وقف ترمیمی بل مسلمانوں کے مذہبی حقوق میں مداخلت ہے، مولانا طارق قاری
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
تنظیم ائمہ مساجد کے صدر نے مجوزہ وقف ترمیمی بل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے وقف قوانین میں تبدیلیاں وقف املاک کی حرمت کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وقف ترمیمی بل، جو آج بھارتی پارلیمنٹ میں پیش ہوئی، پر جموں و کشمیر کے مسلم رہنماؤں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس بل کے پاس ہونے کے بعد ملک بھر میں "میانمار جیسی مسلم کش صورتحال" کا خدشہ ظاہر کیا ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ جموں کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اس بل کو مسلمانوں کی بہتری کے لئے اچھا اقدام قرار دیا ہے۔ جموں کے معروف عالم دین اور تنظیم ائمہ مساجد کے صدر مولانا طارق قاری نے مجوزہ وقف ترمیمی بل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے وقف قوانین میں تبدیلیاں وقف املاک کی حرمت کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ مولانا طارق قاری نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے اس ترمیمی بل کا مقصد وقف جائیدادوں کو سرکاری املاک میں تبدیل کرنا ہے، جو کہ کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے طارق قاری نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے وقف املاک کے غلط استعمال اور ممکنہ کرپشن کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ انہوں نے وقف ترمیمی بل کو مسلمانوں کے مذہبی حقوق میں مداخلت قرار دیا۔ ادھر جموں و کشمیر وقف بورڈ کے رکن اور سینیئر صحافی سہیل کاظمی نے بھی اس بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مسلمان دوسری سب سے بڑی مذہبی برادری ہے، اور حکومت کو کسی بھی قسم کی ترمیم سے قبل مسلم قیادت اور متعلقہ فریقین سے مشاورت کرنی چاہیئے۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت وقف بل متعارف کروانا چاہتی ہے تو اسے مسلمانوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کی طرز پر اسے نافذ کرنا ملک اور حکومت کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں غیر بھاجپا سبھی سیاسی تنظیمیں اس بل کی مخالفت کر رہی ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کرتے ہوئے کا اظہار کہا کہ
پڑھیں:
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کے اعلی سطح وفد کی ملاقات
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کے اعلی سطح وفد کی ملاقات, ملاقات میں چوہدری عبدالرحمن صدر مسلم لیگ ن یو کے، شاہ غلام قادر صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر، طارق فاروق سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئیر امیر مقام، وزیرِ عوامی امور رانا مبشر اقبال اور مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ شریک تھے. ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے گفتگو ہوئی. ملاقات میں وفاقی حکومت کے آزاد جموں و کشمیر کیلئے جاری ترقیاتی پروگرام پر بھی گفتگو ہوئی.