لاہور: گھریلو ناچاقی پر فائرنگ سے بیوی، سالا اور 6 سالہ بچہ زخمی، ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
لاہور:
ڈولفن اسکواڈ نے مغلپورہ میں گھریلو ناچاقی کے باعث بیوی، سالے اور 6 سالہ بچے کو فائرنگ سے زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈولفن فورس کو کال موصول ہوئی تھی کہ ایک شخص نے فائرنگ کرکے بیوی، بچے اور سالے کو زخمی کر دیا ہے۔ ڈولفن ٹیم فوری ریسپانس کرتے ہوئے موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی فائرنگ سے شمائلہ، خرم اور عثمان زخمی ہوئے، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزم چاند عرف بیلا کے قبضے سے پستول برآمد کر کے اسے تھانہ مغلپورہ کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی ڈولفن شاہ میر خالد کی جانب سے ڈولفن ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ڈولفن فورس اپنی خوشیاں قربان کر کے شہریوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سونے کی بالی گم ہونے پر بیوی کو جلانے والے سفاک ملزم کو 12 سال قید کی سزا
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سونے کی بالی گم ہونے پر پیٹول چھڑک کر بیوی کو جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سفاک ملزم کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سونے کی بالی گم ہونے پر بیوی کو جلانے کے مقدمے کا 6 سال بعد فیصلہ سنایا۔
استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر الدین نے ملزم مہتاب کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے ملزم کو دیت کی سزا بھی سنادی، عدالت نے ملزم کو مقتولہ کے ورثا کو 5 سال تک 5 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ کیس اس چیز کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے کہ صنفی بنیاد پر تشدد کا خاتمہ ہو، ان واقعات میں عدلیہ کا کردار اہمیت کا حامل ہے، اس کیس میں مقتولہ کا مرتے وقت قلمبند کروایا گیا بیان اہم تھا۔
استغاثہ کے مطابق مقتولہ اور اس کے شوہر کے درمیان بالی گم ہونے پر جھگڑا ہوا، شوہر نے مقتولہ پر پیٹرول چھڑکا جب کہ اس کے سسر ذوالفقار نے آگ لگائی، مقتولہ کے بھائی نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں مقتولہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
دوران ٹرائل خاتون کے سسر ملزم ذوالفقار کا انتقال ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ مومن آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔