پاکستان نے میانمار کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, April 2025 GMT
اسلام آباد:وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے میانمار کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کا آغاز کر دیا۔
امدادی سامان کی روانگی تقریب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے اہلکاروں کے علاوہ میانمار کے سفیر نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر مجموعی طور پر 70 ٹن امدادی سامان میانمار بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں میانمار کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے میانمار کے عوام کے لیے ہمدردی کا خصوصی پیغام بھی دیا گیا۔
امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں 35 ٹن اشیاء شامل ہیں جن میں خیمے، ترپالیں، کمبل، تیار کھانے، ادویات اور واٹر ماڈیولز شامل ہیں۔ امداد بردار طیارہ میانمار کے شہر ینگون پہنچے گا۔ وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے کی جانب سے فوری امداد کی ترسیل کے عمل کو سراہا۔
میانمار کے سفیر نے امدادی سامان کے اقدامات پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مزید 35 ٹن امدادی سامان پر مشتمل دوسری کھیپ بھی جلد روانہ کی جائے گی۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: میانمار کے
پڑھیں:
فلمی صنعت کی بحالی؛ وزیراعلیٰ پنجاب نے امدادی رقوم کی فراہمی کیلیے کمیٹی تشکیل دیدی
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے فلموں کی تیاری کے لیے امدادی رقوم کی فراہمی کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے پہلے فلم سٹی، فلم اسٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب اور پاکستان کے پہلے فلم اسکول کے قیام کی منظوری دے دی۔
نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی، فلم اسٹوڈیو اور پوسٹ پروڈکشن لیب کے لیے جگہ مختص کر دی گئی، ڈیزائن سمیت دیگر اقدامات پر پیش رفت کا پہلا جائزہ بھی مکمل کر لیا گیا۔
پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد ’’پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی‘‘ تشکیل دی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ کمیٹی رواں مالی سال میں پنجاب کی فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے فلم سازوں کو گرانٹ جاری کرے گی۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمٰن، وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف طفیل، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل، سیکرٹری سیاحت فرید احمد تارڑ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی فلم سازوں اور فلم ساز کمپنیوں کی درخواستوں کا جائزہ لے گی، کمیٹی نئی فلموں کی تیاری اور نامکمل فلموں کے اسکرپٹس کا جائزہ بھی لے گی۔
کمیٹی فنڈ کے انتظام، اہلیت کے معیارات، اور باکس آفس مراعات سے متعلق امور پر فیصلہ کرے گی جبکہ کسی معاملے پر ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
مریم اورنگزیب کی صدارت میں کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلی کے وژن پر عمل درآمد کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔