ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں، جس میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ہوگا۔
کراچی میں نماز عید کے دیگر بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن، مکرانی مسجد، کھتری مسجد، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سینٹر، خالقدینا ہال، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامعہ مسجد بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، جامعی اسلامیہ کلفٹن، مسجد ابو بکر کلفٹن، سبیل والی مسجد سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد، طوبی مسجد ڈیفنس، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، عالمگیر مسجد، جامع مسجد طیبہ، سفید مسجد،جامع مسجد رحمت اللّٰہ والا ٹاؤن، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، جامع مسجد مکرانی، جامع مسجد کھتری، کھتری مسجد، فاران مسجد سمیت دیگرمساجد اور امام بارگاہوں میں ہوں گے۔
نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔
میٹھی عید پر شیر خُرمے، کھیر، مٹھائیوں، کیک اور دیگر لوازمات سے مہمانوں کی تواضع بھی کی جائے گئی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس نے بھی قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم پر غور کا موقع فراہم کرتا ہے، سپاہیوں کی قربانیوں، اہل خانہ کے غیر متزلزل تعاون کی قدر کرتے ہیں، عید پر یکجہتی، محبت اور احترام کے جذبے کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آیا، شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وہ ملک جس نے بجلی کی بچت کے لیے مساجد میں نماز کا دورانیہ مختصر کر دیا
کویت سٹی(نیوز ڈیسک) کویت کی وزارتِ اوقاف و اسلامی امور نے ملک بھر کی مساجد میں بجلی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو کم کرنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے،جس میں نماز کے دورانیے کو مختصر کرنا، مساجد کے اندرونی ہالز کی بندش اور ایئر کنڈیشننگ کے استعمال پر پابندی شامل ہے۔ حَوَلی گورنریٹ کی مساجد ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، جو وزارتِ بجلی، پانی و قابلِ تجدید توانائی کی درخواست پر عملدرآمد کے طور پر نافذ کیے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ایک سرکلر تمام اماموں اور مؤذنین کو بھیج دیا گیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت، روزانہ کی پانچوں نمازوں کے لیے مساجد کے اندرونی ہالز بند رہیں گے اور نمازیوں کو صحن میں نماز ادا کرنی ہوگی،صرف جمعے کے دن مساجد کے اندرونی حصے کھولے جائیں گے جہاں ایئر کنڈیشننگ کو خودکار نظام کے تحت 22 ڈگری سینٹی گریڈ پر چلایا جائے گا،روزمرہ نمازوں کے لیے اگر ایئر کنڈیشننگ استعمال کی جائے تو اسے 25 ڈگری پر خودکار حالت میں رکھنا لازم ہوگا۔
خواتین کے نماز پڑھنے کے حصے بھی زیادہ تر مساجد میں بند کر دیے جائیں گے، سوائے ان مقامات کے جہاں دینی لیکچرز یا کلاسز منعقد ہوتی ہیں، ان صورتوں میں بھی ایئر کنڈیشننگ 25 ڈگری پر مقرر رہے گی اور سیشن کے فوراً بعد حصہ بند کر دیا جائے گا۔
مزید برآں، اذان اور اقامت کے درمیان وقفہ بھی کم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ نمازوں کے دورانیے کو بھی مختصر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔وزارت نے بجلی بند کرنے کا ایک شیڈول بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق ظہر کی نماز کے 30 منٹ بعد سے عصر کی نماز سے 15 منٹ پہلے تک اور عصر کے 30 منٹ بعد سے شام 5 بجے تک بجلی منقطع کی جائے گی،یہ اقدامات کویت کے 6 گورنریٹس میں رواں ہفتے سے مرحلہ وار نافذ کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد بجلی کی بچت اور نظام پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
بانی پی ٹی آئی 45دن میں رہا ہوسکتے ہیں،شیرافضل مروت کا بڑا دعویٰ