وزیراعظم کا شاہِ اردن سے ٹیلی فونک رابطہ، عیدالفطر کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اردن کی ہاشمی سلطنت کے فرمانروا، عزت مآب شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ اور اردن کے برادر عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ عبداللہ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت اور انسانی امداد بھجوانے کے اقدام کو سراہا۔
وزیراعظم نے غزہ میں قیامِ امن، تشدد کے خاتمے، اور متاثرہ فلسطینیوں تک فوری انسانی امداد کی فراہمی کے لیے شاہ عبداللہ دوم کی قیادت میں اردن کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اردن کے ساتھ پاکستان کے مضبوط اور دیرپا دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی، اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، شاہ عبداللہ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو اردن کے دورے کی دعوت دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شاہ عبداللہ کے لیے
پڑھیں:
رانا ثناء اور شرجیل میمن کا ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے ایک بار پھر سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ اور شرجیل میمن کی گفتگو میں پانی کے مسئلے پر مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دوران رابطہ دونوں رہنما نے کہا کہ نہروں کا مسئلہ حل کرنے سے متعلق معاملات کو آگے بڑھایا گیا ہے۔
راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، کسی صوبے کی حق تلفی ممکن نہیں۔ واٹر اکارڈ کے مطابق کسی صوبے کا پانی کسی دوسرے صوبے کومنتقل نہیں کیا جاسکتا نہ ہی کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پانی کی تقسیم انتظامی اورتکنیکی مسئلہ ہے، جس کا حل بھی انتظامی اورتکنیکی بنیادوں پر کیا جائےگا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کسی صوبے کی حق تلفی ممکن نہیں، صوبوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور مشاورت کے عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔