بیرون ملک کئے گئے جرم پر پاکستان میں بھی کارروائی ہو سکتی ہے: لاہور ہائیکورٹ
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص بیرون ملک ایسا جرم کرے جو پاکستان میں بھی جرم ہو تو ایسے شخص کے خلاف پاکستان میں کارروائی ہو سکتی ہے۔ جسٹس تنویر احمد شیخ نے ملزم محمد ارشاد کی درخواست ضمانت میں قانونی نقطہ طے کر دیا۔ جسٹس تنویر احمد شیخ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 1992 سے عمان میں گولڈ جیولری کا کاروبار کر رہا ہے، مدعی کے مطابق ملزم ارشاد 4 سال سے عمان میں اس کے پاس نوکری کر رہا تھا۔ مدعی نے ہیرے کی انگوٹھی اور سونا خریدنے کے لیے ملزم کو 23 ہزار 600 عمانی ریال دیئے تھے، ملزم نے اسی دن رقم اپنے اور اپنی بیوی کے پاکستان میں موجود بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر لی، ملزم ساری رقم اپنے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے بعد مسقط سے پاکستان آ گیا۔ عدالت عالیہ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے وکیل کے مطابق ملزم کے خلاف عمان میں کارروائی جاری ہے، ایک ہی الزام میں 2 جگہ پر کارروائی نہیں ہو سکتی۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ مدعی نے اس معاملے کی اطلاع عمان میں موجود پاکستانی سفارت خانے کو دی، پاکستانی سفارت خانے نے معاملہ پاکستان میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو ریفر کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق بیرون ملک کیے گئے جرم پر پاکستان میں بھی کارروائی ہو سکتی ہے، صرف اس صورت میں پاکستان میں کارروائی نہیں ہو سکتی اگر بیرون ملک کی عدالت ملزم کو سزا یا بری نہ کر دے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کیس میں ملزم کے خلاف عمان میں صرف مقدمہ درج ہوا ہے، سزا یا بریت نہیں ہوئی، ملزم کو پاکستان داخل ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔ فاضل جج نے یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں ملزم کے خلاف پاکستان میں کارروائی ہو سکتی ہے، لاہور ہائیکورٹ ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کرتی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: میں کارروائی پاکستان میں بیرون ملک کے مطابق ملزم کے کے خلاف
پڑھیں:
لاہور: خودسوزی کرنے والے شہری کے لیے نجی کمپنی کی جانب سے رقم کی ادائیگی
لاہور ہائیکورٹ میں خود سوزی کرنے والے شہری کو نجی کمپنی نے پیسے ادا کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں: ملازمت پر بحالی کیخلاف اپیلوں سے پریشان شہری کی خودسوزی کی کوشش
نجی کمپنی نے عدالت میں 75 لاکھ روپے کا چیک پیش کر دیا جو مرحوم آصف جاوید کی 2 بیگمات میں مساوی تقیسم ہوگا۔ اس حوالے سے عدالت نے 37 لاکھ 50 ہزار کے 2 چیک آصف جاوید کی دونوں بیویوں کو دینے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس خالد اسحاق نے درخواست نمٹا دی۔ آصف جاوید کو کو نجی کمپنی نے سنہ 2016 کو برطرف کیا تھا تاہم سنہ 2019 میں لیبر کورٹ نے سائل کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر نوکری بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیے: کراچی میں 4 افراد کی مبینہ خود سوزی کا واقعہ قتل ہے، تحقیقات کی جائیں، رشتہ داروں کا مطالبہ
نجی کمپنی نے لیبر کورٹ کا فیصلہ نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس نے سنہ 23 نومبر 2020 اپیل خارج کردی تھی۔ بعد ازاں نجی کمپنی نے دسمبر 2020 میں لاہور ہائیکورٹ میں کیس دائر کیا تھا۔ سائل آصف جاوید کا کیس سنہ 2020 سے لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھا۔
یاد رہے کہ خانیوال کے رہائشی آصف جاوید نے فروری میں لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی تھی جس کے بعد ان کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگئے تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آصف جاوید خودسوزی کرنے والے کے لیےرقم لاہور لاہور خودسوزی