کراچی: ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا اٹک پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ ارسلان کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ بی سجاد خان نے بتایا کہ حادثہ منی ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ جمعے کی صبح پیش آیا تھا جس میں ایک ہی سڑک پر دوطرفہ ٹریفک کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار اور منی ٹرک آمنے سامنے آگئے جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
تاہم، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے منی ٹرک کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
متوفی ارسلان اتحاد کالونی کا رہائشی تھا جس کی جمعے کی شام نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
دریں اثنا سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی انٹر چینج کے قریب دو کاروں کے درمیان تصادم میں ایک کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
ایدھی حکام کے مطابق حادثے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لیجایا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل
پڑھیں:
کراچی بندرگاہوں پر ہیوی ٹریفک کی ہڑتال، امپورٹ،ایکسپورٹ مفلوج
کراچی کی بندرگاہوں پر ہیوی ٹریفک کی ہڑتال کے باعث مال برداری کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، جس سے نہ صرف درآمدی و برآمدی عمل متاثر ہوا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید دھچکا لگا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سندھ حکومت کے مرمتی احکامات اور گاڑیوں میں کیمرے نصب کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً کام بند کر دیا گیا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی کے مطابق ہڑتال کے باعث فیکٹریوں میں برآمدی سامان پھنس کر رہ گیا ہے جبکہ درآمدی کنسائمنٹس بندرگاہوں پر رکے ہوئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث نقل و حمل کا نظام معطل ہو چکا ہے۔
کراچی چیمبر کے مطابق ہڑتال سے نہ صرف برآمدات بلکہ زرعی شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ خاص طور پر پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات خطرے میں پڑ گئی ہیں اور پیاز کے کاشتکاروں کو بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ جاوید بلوانی کا کہنا ہے کہ اگر ہڑتال کا فوری حل نہ نکالا گیا تو تجارتی نقصان ناقابلِ تلافی ہو جائے گا۔
چیمبر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری مذاکرات کر کے مسئلے کا پائیدار حل نکالا جائے۔ ساتھ ہی بندرگاہوں پر پھنسے کنسائمنٹس کی ہنگامی بنیادوں پر کلیئرنس کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
صدر کراچی چیمبر نے وزیراعظم سے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تاخیر ملکی معیشت کے لیے مزید نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
Post Views: 1