وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی، نوٹیفکیشن جاری
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کردی اور ٹیکس چوری کی نشان دہی کے لیے فیلڈ فارمشنز کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فیڈل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل خصوصی اقدامات اور دو ڈائریکٹرز کے دفاتر کے قیام کی منظوری دے دی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا ڈائریکٹوریٹ ملک میں محصولات کے نظام میں موجود خامیوں کی نشان دہی، مس ڈیکلیئریشن اور انڈر انوائسنگ کی روک تھام کے اقدامات کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ کے خلاف مزید مربوط حکمت عملی وضع کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ اقدامات محصولات میں کمی کا سبب بننے والی پیچیدگیاں دور کرنے اور ٹیکس وصولی کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل خصوصی اقدامات کسٹمز متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور دیگر اداروں کے ساتھ کسٹمز سے متعلق معاملات پر بھی رابطہ رکھیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئے ڈائریکٹوریٹ کے تحت ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹرز کسٹمز کے فیلڈ دفاتر اور صوبائی حکام کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن یقینی بنائیں گے اور محصولات کی وصولی میں موجود خامیوں کی نشان دہی کرکے ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔
مزید کہا گیا کہ مس ڈیکلیئریشن اور انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جائیں گے، اس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمز اکیڈمی پاکستان کے لیے خصوصی تربیتی کورسز اور ورکشاپس ترتیب دینے میں بھی معاونت کرے گا تاکہ کسٹمز افسران اور اہلکاروں میں مس ڈیکلیئریشن اور انڈر انوائسنگ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس تمام عمل کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل کریں گے، جو ممبر کسٹمز آپریشنز کو رپورٹ کریں گے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ کے لیے
پڑھیں:
کراچی؛ سینیٹ کی جنرل نشست کا ضمنی انتخاب، 4 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع
کراچی:سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست کے ضمنی انتخاب کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، جن میں سے دو کا تعلق پاکستان پییپلز پارٹی (پی پی پی) اور دو کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری شیڈول کے تحت صوبہ سندھ سے سینیٹ کی خالی جنرل نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 18 اپریل آخری دن تھا اور 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید وقار مہدی اور آصف خان جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے مجاہد رسول اور نگہت مرزا شامل ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کیے جانے کا عمل شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہا۔
سینیٹ کی نشست کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدواروں نے فارم حاصل تو کیے مگر مقررہ وقت تک جمع نہیں کرایا۔
واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق 20 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی اور 22 اپریل کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور 24 اپریل کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل جمع کرانے کا آخری دن ہوگا، جس کے بعد 26 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
شیڈول کے تحت 28 اپریل تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور 6 مئی 2025 کو سینیٹ کی خالی نشست کے لیے سندھ اسمبلی عمارت میں پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔