کوئٹہ:پولیس وین کے قریب دھماکا , پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا، جس میں اہل کاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ہوا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا، جس میں 4 اہل کار زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا جب کہ قریب کھڑی دوسری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان ہوا۔ ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا۔ دریں اثنا ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ ڈبل روڑ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ چکی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم زخمیوں کی تعداد 10 بتائی جاتی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کندھ کوٹ: گھر پر فائرنگ، 17 سالہ لڑکی جاں بحق، بچی زخمی
— فائل فوٹوکندھ کوٹ کے گاؤں الف بجارانی میں گھر پر فائرنگ سے 17 سال کی لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ایک بچی بھی زخمی ہوئی ہے جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب پولیس کو تھرپارکر کے گاؤں محمد علی سمیجو میں کنویں سے خاتون سمیت 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
پولیس اس حوالے سے گاؤں کے افراد سے تفتیش کر رہی ہے۔