وزیراعظم شہباز شریف کا ہواوے کے ساتھ آئی ٹی شعبے میں تعاون بڑھانے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہواوے کے چیف ایگزیکٹو ایتھن سن (Ethen Sun) کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں فنی تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتی ہے اور ہواوے کے ساتھ ٹھوس اور طویل مدتی شراکت کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہواوے کا آئی سی ٹی تربیتی پروگرام نہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ یہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ہواوے نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ کمپنی کے زیر اہتمام تین لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دی جا رہی ہے، جن میں سے 2 لاکھ 40 ہزار نوجوانوں کو بنیادی نوعیت کی اور 60 ہزار نوجوانوں کو ہائی ٹیک تربیت فراہم کی جائے گی۔ یہ تربیت اس سال کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی۔ تربیتی پروگرام کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کروائی جائے گی۔
مزید برآں، ہواوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے 15 پاکستانی یونیورسٹیوں میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، بگ ڈیٹا اور سائبر سیکیورٹی کے کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نوجوانوں کو ا ئی ٹی
پڑھیں:
وزیراعظم کا ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور جولائی 2024ء سے مارچ 2025ء کے دوران برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کے ساتھ 13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔اس نمایاں کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور نجی شعبے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صرف مارچ 2025 میں برآمدات میں 6.27 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ نہ صرف حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی معیشت کی مضبوطی اور عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی مانگ میں اضافے کا بھی مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشاریے، حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ایسے تمام اقدامات جاری رکھے گی جو کاروبار دوست ماحول پیدا کریں اور برآمدات میں مسلسل بہتری لائی جا سکے۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ملکی برآمدات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے نہ صرف پالیسی سازی کر رہی ہے بلکہ کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ٹیم دن رات اس کوشش میں ہے کہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے تاکہ روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات تینوں میں توازن کے ساتھ اضافہ ہو۔