وزیر خزانہ کا عالمگیریت کیلئے جامع سوچ کی فوری ضرورت پر زور
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمگیریت کیلئے جامع سوچ کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے جس سے تمام اقوام خصوصاً ترقی پذیر معیشتوں کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے یہ بات آج چین میں ایشیاء سالانہ کانفرنس 2025 کیلئے منعقدہ بائو فورم کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔عالمی معاشی نظام میں بڑھتی ہوئی عدم مساوات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمگیریت نے ایک ارب سے زائد افراد کو غربت سے نجات دلائی ہے لیکن یہ اب بھی جنوبی ممالک کو نظر انداز کرتے ہوئے ترقی یافتہ معیشتوں کو غیر مساوی طور پر فائدہ پہنچا رہا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمگیریت کے زیادہ متوازن ماڈل کا حامی ہے جو منصفانہ تجارت، پائیدار ترقی اور مساوی مالیاتی نظاموں کو فروغ دے۔محمد اورنگزیب نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ وسیع تر علاقائی روابط، مارکیٹ تک منصفانہ رسائی اور مضبوط تر کثیر جہتی تعاون پر زور دیا ہے۔وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں منصفانہ تجارتی قواعد و ضوابط اور وسیع تر نمائندگی کا اجتماعی مطالبہ کرنے کیلئے ترقی پذیر اقوام کے عالمی اتحاد پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل اور زرعی شعبوں کو ترقی یافتہ ممالک کی حفاظتی پالیسیوں اور نان ٹیرف پابندیوں کے باعث بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر اقوام کا کاربن کے عالمی اخراج میں دس فیصد سے بھی کم حصہ ہے تاہم وہ پھر بھی موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی آفات کا مسلسل نشانہ بنتی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر معیشتوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے فوری مالی تعاون، گرین ٹیکنالوجی کی منتقلی اور منصفانہ عالمی ماحولیاتی پالیسیوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: کہ پاکستان نے کہا کہ
پڑھیں:
حکومت پاکستان کی آئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کی سائیڈلائن پر ہوئی ملاقات میں وزیر خزانہ نے اسٹاف سطح کے معاہدے پر اظہار تشکر کیا۔ وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانیوالی اصلاحات جاری رکھنے کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ بعد ازاں سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کیپروتھ سے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ٹیکس، توانائی، نجکاری، سرکاری اداروں سمیت دیگر شعبوں میں جاری اصلاحات کو اجاگر کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے امریکی کاروباری شخصیات اور رہنماؤں سے بھی ظہرانے پر ملاقات کی۔ اس سے پہلے وزیر خزانہ نے نائب صدر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ہیلا شیخ روحو سے ملاقات کرکے نجی شعبے کی اصلاحات اور توانائی منتقلی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی کمپنی ڈیلوئٹ کی ٹیم سے بھی ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، معدنیات کی تلاش اور مارکیٹنگ پر بریفنگ دی۔