وزیر ریلوے کا کل سے بلوچستان میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کل سے بلوچستان میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس کل پشاور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوگی جب کہ کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس ٹرین سروس جمعہ کے روز سے چلائی جائےگی، مسافروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائےگی۔
انہوں نے کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل بھی روزانہ کی بنیاد پر چلانے کااعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کا واقعہ بہت افسوسناک تھا، سیکیورٹی اداروں نے فوری رسپانس دیا، خودکش بمباروں کو قابو کیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ڈی ایس اور پوری ٹیم کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور ٹریک کی بحالی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے سیکیورٹی کے ایشوز ہیں، ریلوے اسٹیشنوں میں اسکینر نہیں ہیں، دیگر مسائل بھی ہیں، ریلوے پولیس میں مزید لوگ بھرتی کریں گے اور ٹرینوں کی تعداد کو بھی بڑھائیں گے، مسافروں کو سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کریں گے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہنا تھا کہ
پڑھیں:
بلوچستان: موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ قلات میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبۂ بلوچستان کی وادیٔ کوئٹہ اور گردونواح میں آج مطلع صاف رہے گا جبکہ موسم خشک اور معتدل رہنے کا امکان ہے۔
پنجگور میں کم سے کم درجہ حرارت 13، خضدار میں 17، لسبیلہ میں21، گوادر میں 23، سبی میں25، تربت میں27، سبی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ روز لسبیلہ بلوچستان کا گرم ترین ضلع رہا جہاں کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔