بارشوں کی کمی سے ممکنہ خشک سالی؛ ربیع سیزن اور چاول کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
لاہور:
بارشوں کی کمی کے بعد ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب نے احتیاطی تدابیر سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنر، ڈی سیز اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں موسم سرما میں 38 فی صد بارشیں کم ہوئیں جس کے سبب بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں خشک سالی کا امکان زیادہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کی کمی سے ربیع سیزن کی فصلیں متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ چاول کی پیداوار متاثر ہونے سے کسانوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کسانوں کو ممکنہ آبی قلت کے خدشے سے متعلق پیشگی آگاہ کیا جائے جبکہ تھل اور چولستان میں پانی کی متوقع کمی کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات مکمل ہیں اس لیے انتظامیہ الرٹ رہے۔
انہوں نے کہا کہ شعوری مہم میں اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھی حصہ بنایا جائے گا۔ احتیاطی تدابیر سے فصلوں کو ہونے والے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے، ممکنہ آبی قلت سے نمٹنا سب کی ذمہ داری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے
پڑھیں:
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دو نئے اسپیلز کی پیشگوئی کر دی
پاکستان میں جاری خشک سردی کی لہر کے خاتمے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے دو اسپیلز کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پندرہ دسمبر تک مری، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی علاقوں میں موسم سرد اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ انیس دسمبر کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ جڑواں شہروں میں اس دوران صرف بوندا باندی متوقع ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اکیس دسمبر تک سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ دسمبر کے آخر اور جنوری کے آغاز میں اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔