لاہور پولیس کی حراست میں نوجوان ہلاک، ورثا کا تشدد کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
لاہور:
مزنگ پولیس کی حراست میں نوجوان ہلاک ہوگیا جس کے ورثا نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے مزنگ پولیس نے اچھرہ سے اعجاز نامی نوجوان کو حراست میں لیا تھا جسے بعد ازاں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کے مطابق اعجاز کے بھائی انعام کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ موقع سے فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس نے اس کے بھائی اعجاز کو حراست میں لے لیا۔ انعام منشیات فروشی کے مقدمے میں مطلوب تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اعجاز کو قانونی کارروائی کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور تھانے منتقل کرتے وقت اس کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق متوفی کے خلاف منشیات فروشی کے مقدمات درج تھے۔ دوسری جانب ورثا نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
ایس پی عبدالحنان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کسی غیر قانونی عمل میں ملوث نہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تمام حقائق واضح ہوجائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور: پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے فرانزک ہونے والے اسلحے کی چوری کا انکشاف ، ملازم ہی ملوث نکلا
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے فرانزک ہونے والے اسلحہ کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاملے کی ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ایف ایس اے کا درجہ چہارم کا ملازم فرانزک کے لیے آنے والے اسلحہ کی چوری ، فروخت اور منشیات میں ملوث نکلا۔
تھانہ مصطفی آباد پولیس نے پی ایف ایس اے کے ملازم اوراس کے ساتھی پر مقدمہ درج کرلیا، متن کے مطابق پی ایف ایس اے کے ملازم خالد مشتاق نے پی ایف ایس اے سے 30بور پسٹل اور گولیوں کے خول چوری کئے۔
پولیس نے کہا کہ خالد مشتاق نے پسٹل اور خول ساتھ احتشام کو پی ایف ایس اے میں فرانزک کے لیے آنے والا 30بور پسٹل اور خول چوری کرکے فروخت کر دیا، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے خالد مشتاق اور احتشام کو آئس فروخت کرتے گرفتار کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے خالد مشتاق کے قبضہ سے 100گرام آئس اور احتشام کے قبضہ سے 200گرام آئس برآمد کی، تھانہ مصطفی آباد پولیس نے دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے۔
ذرائع نے کہا کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔