غزہ کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملہ، حماس رہنما سمیت 16 افراد شہید
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
غزہ: اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں خان یونس کے ناصر اسپتال پر فضائی حملے میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اسماعیل برہوم سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی میزائل اسپتال کے سرجری ڈیپارٹمنٹ پر گرا، جس سے شدید نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج نے حملے کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ایک "کلیدی دہشت گرد" کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا، تاہم نشانہ بنائے گئے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں اسپتال کی تیسری منزل پر آگ بھڑکتی دیکھی جا سکتی ہے، تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب خان یونس اور رفح میں جاری اسرائیلی بمباری سے آج کے شہداء کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 6 افراد شہید ہوئے، جبکہ ماعن کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ 6 فلسطینی اسرائیلی حملے میں اس وقت زخمی ہوئے جب ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں انسانی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
حوثیوں نے اسرائیل اور امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں پر حملے کرنے کا اعلان کردیا
صنعا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اپریل ۔2025 )حوثیوں نے اسرائیل اور دو امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں پر حملے کرنے کا اعلان کیا ہے راس عیسیٰ کی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں 74 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد حوثی گروپ نے امریکہ اور اسرائیل کے مزید اہداف پر حملے کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے.(جاری ہے)
عرب نشریاتی ادارے کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے صنعاءمیں ایک مظاہرے کے دوران ایک تقریر میں کہا کہ انہوں نے ایک بیلسٹک میزائل سے تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے کے آس پاس میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا ہے انہوں نے کہا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین اور ونسن اور بحیرہ احمر میں ان سے منسلک لڑاکا طیاروں کو متعدد میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بناتے ہوئے دوہرا فوجی آپریشن کیا گیاہے.
انہوں نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں پہنچنے کے بعد ونسن کیریئر کو پہلی مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے یحییٰ ساری نے حوثی ٹھکانوں پر مسلسل امریکی حملوں کے باوجود تصادم، ہدف سازی، مشغولیت اور تصادم کی کارروائیوں کو انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا. ادھراسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے یمن سے فائر کیے گئے ایک میزائل کو ناکارہ بنا دیا ہے اس میزائل کی وجہ سے کئی علاقوں میں سائرن بجنا شروع ہوگئے تھے قبل ازیں امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس کی افواج نے حوثیوں کو سپلائی اور فنڈنگ روکنے کے لیے راس عیسیٰ بندرگاہ کو تباہ کر دیا ہے نومبر 2023 سے حوثیوں نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر درجنوں میزائل حملے کیے ہیں اور اسرائیل میں مقامات کو نشانہ بنایا ہے تاہم حوثیوں کے ان حملوں سے اسرائیل کو کوئی قابل ذکر بڑا نقصان نہیں ہوا ہے.