کراچی میں پی ٹی آئی کی ایمپریس مارکیٹ سے مزار قائد تک ریلی
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
ریلی کے شرکاء پریس کلب سے مزار قائد جانا چاہتے تھے ، پولیس نے راستے بند کردیے
مظاہرین کو مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ جانے سے روک دیا ، پیپلز چورنگی پر بھی رکاوٹیں
کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے ایمپریس مارکیٹ سے مزار قائد تک ریلی نکالی گئی۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 23 مارچ کے حوالے سے ریلی کا اہتمام کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، آفتاب جہانگیر سمیت بڑی تعداد میں کارکنان ایمپریس مارکیٹ پر جمع ہو کر ریلی کی صورت میں مزار قائد جانے کیلئے نکلے ۔ پی ٹی آئی رہنما آفتاب جہانگیر کا بتانا تھا کہ پریس کلب سے مزار قائد جانا چاہتے تھے تاہم پریس کلب کے راستے پولیس نے بند کردیے ۔ آفتاب جہانگیر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے ۔ریلی کے شرکاء کوریڈور تھری سے ہوتے ہوئے پیپلز چورنگی تک پہنچے جہاں پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے مظاہرین کو مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ جانے سے روک دیا، جس کے بعد ریلی کو رہنماؤں نے ختم کرنے کا اعلان کیا اور شرکاء پُرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں سوٹ کیس سے لاش برآمد
کراچی:کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے عبداللہ گوٹھ، صافی چوک کے قریب واقع کچرا کنڈی سے سوٹ کیس کے اندر لاش ملنے کے واقعے میں پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے مقتول کی شناخت آصف کے نام سے کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق، مقتول آصف کی شناخت تلاش ڈیوائس کی مدد سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آصف کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر سر میں ڈنڈے مار کر قتل کیا گیا۔
مقتول کا تعلق کشمور سے بتایا گیا ہے اور وہ ایک لانگ روٹ بس کا کنڈکٹر تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف کو کسی نامعلوم مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش کو شاہ لطیف کے ویران علاقے میں پھینکا گیا۔
لاش گزشتہ روز اس وقت برآمد ہوئی جب بچوں نے کچرا کنڈی میں سوٹ کیس دیکھا، جس پر مکینوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے لاش کی ابتدائی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔