خوارج کی پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش ناکام، تمام 16 دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاک-افغان سرحد کے ذریعے ملک میں دراندازی کی کوشش کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب، شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلی میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والےخوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت مانیٹر کیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام 16 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے، پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: دراندازی کی کوشش پاک فوج
پڑھیں:
کرش اسٹون کی آڑ میں 4.8 ٹن اسمگل شدہ چھالیہ کراچی منتقل کرنیکی کوشش ناکام
کراچی:پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کارروائی کے دوران کرش اسٹون کی آڑ میں اسمگل شدہ چھالیہ کراچی منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان پاکستان کسٹمز کے مطابق بلوچستان سے 4.8 ٹن اسمگل شدہ چھالیہ کے 240 بیگ کراچی منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
اسمگل شدہ چھالیہ ڈمپر نمبر TLK144 میں کرش اسٹون کے نیچے چھپائی گئی تھی، موصول خفیہ اطلاع پر ہمدرد چیک پوسٹ پر مشکوک ڈمپر کو روک کر تلاشی لی گئی۔
برآمد ہونے والی چھالیہ کی مالیت 48لاکھ روپے ہے۔
کسٹم حکام نے مقدمہ درج کرکے چھالیہ سمیت کروڑ مالیت کا ڈمپر بھی ضبط کر لیا ہے۔